عوام کی بھر پور خدمت کی ،عام انتخابات میں سر اٹھا کر جائیںگے اور جیتیں گے۔شہبازشریف

قائد محمد نوازشریف نے پارٹی کو خون پسینہ دے کرعوام میں مقبول بنایا ہے ،مسلم لیگ(ن) عوام کی نمائندہ قومی جماعت ہے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اورمعیار متاثر کرنے کی کوشش ناکام ہوگی،چنیوٹ کے معدنی خزانے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کو ہم نے ناکام بنایا پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائم مقام صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کاصوبائی پارلیمانی پارٹی سے خطاب

بدھ 28 فروری 2018 22:03

عوام کی بھر پور خدمت کی ،عام انتخابات میں سر اٹھا کر جائیںگے اور جیتیں ..
لاہور۔28 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائم مقام صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی بھر پور خدمت کی ہے ،عام انتخابات میں سر اٹھا کر جائیں گے اور جیتیں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے ۔قائد محمد نوازشریف نے پارٹی کو خون پسینہ دے کرعوام میں مقبول بنایا ہے اورآج چاروں صوبوں میں پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔لوگ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو محنت کا پھل ضرور دیںگے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پشاور میں مسلم لیگ(ن) کا جلسہ کے پی کے کے عوام کی رائے کی ایک جھلک تھی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کے پی کے میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔انہوںنے کہا کہ لودھراں میں خاموش اکثریت نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے حق میں فیصلہ سنا یاہے۔لودھراں میں عام آدمی نے جہاز اورمحلوںکے مالک کو شکست دی۔اربوں کھربوں کا مالک ہار گیا ،عوام کے درمیان رہنے والا پیر اقبال جیت گیاہے۔

ضمیر فروشی کا کالا دھندا کرنے کی مکروہ کوشش پہلے بھی ناکام رہی ،آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوگی اورپارٹی کی عزت اوروقار پر آنچ نہیں آنے دیںگے۔مجھے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اراکان اسمبلی پر بھر پور اعتماد ہے ۔میں اور میری ٹیم نے دن رات عوام کی خدمت کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ترقیاتی منصوبوں نے مخالفین کا سیاسی جنازہ نکال دیاہے ۔

ترقیاتی منصوبے عمران نیازی کے دھرنوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئے ۔عمران نیازی نے اتنے جھوٹ بولے ہیں ،اب انہیں چاہیے کہ وہ جھوٹوں کی پارٹی بنا لیں۔انہوںنے ہرموقع پر جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر بجلی کے صرف چار منصوبوں میں 150 ارب روپے کی بچت پاکستان کی تاریخ میں مثال ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم نے 90ارب روپے سے پنجاب کے دیہات میں ہزاروں کلو میٹر طویل کارپٹڈ سڑکیں بنائی ہیںجس سے دیہی آبادی کو ریلیف ملا ہے۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے پہلی مرتبہ سستی کھادیں اوربلاسود قرضے دیئے گئے ہیں۔ہسپتالوں میں اعلی ترین مشینری اورمعیاری ادویات پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا کارنامہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے توانائی منصوبوں کیلئے بیرون ملک حکمرانوں کے گھٹنوں کو بھی چھوااورہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے دن رات محنت کر کے مکمل کیے گئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اورمعیار متاثر کرنے کی کوشش ناکام ہوگی۔ چنیوٹ میں اربوں روپے کے معدنی خزانے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کو ہم نے ناکام بنایا ہے ۔اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان ، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، رکن قومی اسمبلی محمد حمزہ شہباز ، صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی کے علاوہ رانا مقبول احمد،ہارون اختر خان ،ڈاکٹر مصدق ملک ،رانا محمود الحسن ، خالد شاہین بٹ ،ڈاکٹر آصف کرمانی،کامران مائیکل،ڈاکٹر اسد اشرف، نزہت عامر اوردیگر بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :