پاکستان کے عوام جان گئے کہ ہمارا بیانیہ اور اصولی موقف درست ہے، اب سکھا شاہی برداشت کرنے کو تیار نہیں۔نواز شریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 مارچ 2018 11:52

پاکستان کے عوام جان گئے کہ ہمارا بیانیہ اور اصولی موقف درست ہے، اب سکھا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 05 مارچ۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام جان گئے کہ ہمارا بیانیہ اور اصولی موقف درست ہے،انتخابی نشان چھیننے سے کیا ہمارا نشان مٹادیں گے،تم جتنا ظلم کرو گے،عوام اتنا ہی ن لیگ کا ساتھ دیں گے۔احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جس کا ایک رکن بھی صوبے میں نہ ہو وہاں امیدوار کھڑا کرے یہیں سے دھاندلی لگتی ہے،سینیٹ انتخابات میں جہاں پیسہ چلا اور ووٹ خریدے، اس کا حساب کتاب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا تو انتخابی نشان بھی لے لیا گیا، یہ بہت زیادتی ہے،سرگودھا کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کامیاب ہوئی، اس کے پاس شیر کا نشان نہیں تھا،سرگودھا میں ڈالے کے نشان پر ضمنی انتخاب جیتا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انتخابی نشان چھیننے سے کیا ہمارا نشان مٹادیں گے،تم جتنا ظلم کرو گے،عوام اتنا ہی ن لیگ کا ساتھ دیں گے،یہ ادھر سے نااہل قرار دیتے ہیں، عوام مجھے ووٹ دیتے ہیں،ووٹ کو عزت دو، عوام کا بھی یہی مطالبہ ہے،پاکستانی عوام اب سکھا شاہی برداشت کرنے کو تیار نہیں۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ جیسے 70 سال گزرے، اگلے 70 سال ایسے نہیں گزرنے چاہئیں،وزیراعظم نے کسی کا خون نہیں کیا، ڈاکا نہیں ڈالا، اسے اٹھاکر باہر پھینکا ،یہ کسی فرد واحد کا ملک نہیں،فیصلے میں جان ہوتی تو تسلیم کرتے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں جان ہوتی تو تسلیم کرتے۔ وزیراعظم کو اس طرح سے نکال کر باہر پھینکنا پاکستان کے عوام یہ نہیں برداشت کریں گے، ظلم کے آگے کھڑا ہونا ضروری ہے، آئی اوپنر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام بھیڑ بکریاں نہیں، وہ ووٹ سے وزیراعظم کو بنائیں اور چند لوگ اسے اٹھا کر باہر کردیں، بغیر کسی وجہ کے وزیراعظم کو باہر نکال کر پھینک دیاگیا،وزیر اعظم نے کسی کا خون نہیں کیا، ڈاکا نہیں ڈالاکہ اسے اٹھا کر باہر پھینک دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چور ڈاکو ، اسمگلر ، سسیلین مافیا اور گاڈ فادر نہیں ،یہ کسی فرد واحد کا ملک نہیں ہے، پچھلے 70سال جیسے گزرے اگلے 70سال ایسے نہیں گزریں گے، عوام محسوس کررہے ہیں کہ (ن) لیگ کا موقف درست ہے۔

قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر نیب ریفرنسز کی سماعت کیلئے احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں،اس موقع پر نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوگئے، ان کے ساتھ مریم نواز بھی پہنچیں جبکہ کیپٹن (ر) صفدر بھی عدالت میں موجود ہیں۔

فلیگ شپ ریفرنس میں استغاثہ کے 3گواہوں کو بیان قلمبند کرانے جبکہ ایک کو جرح کیلئے طلب کیا گیا ہے۔لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن کے آفیسر پر وکیل صفائی کی طرف سے جرح بھی ہوگی۔ گزشتہ سماعت پر نواز شریف کی موجودگی میں 3 گواہان پر جرح کا عمل مکمل ہوا تھا۔ ایک گواہ جو لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن میں ملازمت کر رہے ہیں پر جرح کا عمل اب بھی جاری ہے،لندن سے گواہ نواز شریف کی آف شور کمپنیوں سے متعلق اپنی ہی تصدیق شدہ دستاویزات پیش کریں گے۔

گزشتہ پیشی پر لندن سے آئے ہوئے گواہ نے نوازشریف کی آف شور کمپنیوں سے متعلق اپنی تصدیق شدہ دستاویزات بھی جمع کرائی تھیں۔واضح رہے کہ اس ریفرنس میں عدم پیشی کی بنیاد پرحسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دے کر ان کا کیس الگ کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :