سپریم کورٹ ، شاہ زیب قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم شاہ رخ جتوئی کی عدالتی فیصلہ پر نظرثانی کیلئے دائر اپیل خارج

پیر 5 مارچ 2018 22:45

سپریم کورٹ ، شاہ زیب قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم شاہ رخ جتوئی کی عدالتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم شاہ رخ جتوئی کی جانب سے ان کی ضمانت منسوخ کرکے گرفتارکرنے کے حوالے سے عدالتی فیصلہ پر نظرثانی کیلئے دائر اپیل خارج کردی ہے ،پیر کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عدالتی فیصلہ پر نظرثانی کیلئے دائر اپیل کی سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزار شاہ رخ جتوئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے پیش ہوکراپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ میرے موکل کے ساتھ انصاف نہیں ہوا ، ہمارا آئین ہی سپریم ہے، قانون اورشریعت دیت کے ذریعے صلح کومنع نہیں کرتا، جبکہ ججوں کو کسی فیصلے کو اپنی انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے ، جس پربنچ کے ایک رکن جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ان سے کہا کہ ہم نے بڑے محتاط انداز میں آپ کے موکل کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے اور جلتی پر تیل کا کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس ثاقب نثارنے فاضل وکیل سے کہا کہ عدالت نے آپ کے موکل کو بڑی رعایت دی اس کے کیسز جلدی لگائے اگر لائن میں لگے رہتے تو کیس سالوں پڑا رہتا۔ تاہم درخواست گزار کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے میرے موکل کا کیس خراب ہوگیا ہے ، جس پرچیف جسٹس نے ان سے کہا کہ سپریم کورٹ نے 184/3 میں کبھی فیصلہ کالعدم قرار نہیں دیا، لیکن عدالت کسی بھی ایسے فیصلے کو، جو قانون کے مطابق نہ ہو ختم کرسکتی ہے ، فاضل وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت کی جانب سے ایسی آبزر ویشن دی جائے کہ ہائیکورٹ میں زیرسماعت کیس متاثر نہ ہو ، تاہم عدالت نے فاضل وکیل کی استدعا مسترد کر تے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ہائیکورٹ میں جا کر کیس کے میرٹ پر دلائل دیں۔