نیب کاخواجہ سعد رفیق، ریلوے سکھر ڈویژن کے افسران اور دیگر کیخلاف ٹنڈوآدم سے روہڑی سندھ میں ماڈرن کمپیوٹر بیسڈ انٹر لاکنگ سسٹم کی تنصیب میں مبینہ بدعنوانی، اور آلات کی پروکیورمنٹ میں خورد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم

جمعرات 15 مارچ 2018 18:51

نیب کاخواجہ سعد رفیق، ریلوے سکھر ڈویژن کے افسران اور دیگر کیخلاف ٹنڈوآدم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2018ء) نیب نے وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق، ریلوے سکھر ڈویژن کے افسران اور دیگر کے خلاف پاکستان ریلوے میں ٹنڈوآدم سے روہڑی سندھ میں ماڈرن کمپیوٹر بیسڈ انٹر لاکنگ سسٹم کی تنصیب میں مبینہ بدعنوانی، جنریٹر اور دیگر آلات کی پروکیورمنٹ میں خورد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا ہے جبکہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ جہاں پوری قوم کی آواز ہے، وہاں نیب افسران بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ قانون کے مطابق بلاامتیازاپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

جمعرات کو چیئر مین نیب نیب ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق، ریلوے سکھر ڈویژن کے افسران اور دیگر کے خلاف پاکستان ریلوے میں ٹنڈوآدم سے روہڑی سندھ میں ماڈرن کمپیوٹر بیسڈ انٹر لاکنگ سسٹم کی تنصیب میں مبینہ بدعنوانی، جنریٹر اور دیگر آلات کی پروکیورمنٹ میں خورد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

اجلاس میں خیرپورسے ممبر قومی اسمبلی نواب وسان اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائداثاثے بنانے کے مبینہ الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں امتیاز شاہد قریشی صوبائی وزیر قانون خیبرپختونخوا، ضیاء اللہ بنگش ممبر صوبائی اسمبلی، امجد آفریدی ممبر صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کوہاٹ کے افسران کے خلاف ڈسٹرکٹ ایجو کیشن کوہاٹ میں 111 افراد کی غیر قانونی تقرری اور رشوت لینے کے علاوہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا۔