وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پی ایس ایل فائنل کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس

جمعہ 16 مارچ 2018 22:48

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پی ایس ایل فائنل کے انتظامات ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پی ایس ایل فائنل کے انتظامات کے حوالے سے جمعہ کو اہم اجلاس وزیراعلی ہائوس میں منقعد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، میئر کراچی وسیم اختر، آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی کراچی و دیگر شریک تھے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے کل اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا، انتظامات بہتر لگے لیکن اب یہ کام مکمل ہونا چاہیے۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان اور پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر شہر کراچی کو سجایا جائے گا۔

(جاری ہے)

شارع فیصل پر ہوٹل میٹرو پول سے ایئرپورٹ تک، حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ، ڈالمیا روڈ، پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ، راشد منہاس روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف برقی قمقمے، کھلاڑیوں کی قد آور تصاویر، ایل ای ڈی لائٹس اور خوش آمدید کے بینرز آویزاں کئے جائیں گے، ان شاہراہوں کو سجانے اور تصاویر آویزاں کرنے کے لیے بلدیہ عظمی کراچی نے تمام انتظامات مکمل کر لیے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ پی ایس ایل کے ایونٹ کو یادگار بنانے کے لئے بلدیہ عظمی کراچی تمام ممکنہ اقدامات کرے گی، کھلاڑیوں کے روٹس کی سڑکوں کی صفائی ستھرائی، رنگ و روغن، استر کاری اور چوراہوں کو سجانے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونا شہریوں کے لیے خوشی کا باعث ہے، پی ایس ایل کے فائنل کو یادگار بنانے کے لیے تمام حکومتی ادارے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور باہمی تعاون کررہے ہیں، یوم پاکستان پر پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد شہریوں کی خوشیوں کو دوبالا کرے گا ۔

وزیراعلی سندھ نے کے ایم سی کو شہر میں فیومیگیشن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر نہایت صاف ستھرا اور خوبصورت لگنا چاہیے۔ وزیراعلی کو بتایا گیا کہ شٹل سروس کے لئے گاڑیوں کا بندوبست کیا گیا ہے اور تمام تر سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور ویجی لینس سسٹم بھی بنایا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمارے پاس یہ 10 دن ہیں لہذا سب انتظامات مکمل ہونے چاہیں۔

متعلقہ عنوان :