ایجوکیشن انرولمنٹ مہم کے تحت یکم اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال کے دوران 5 تا 9 سال تک کے لاکھوںبچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرنے کا فیصلہ

منگل 20 مارچ 2018 13:55

فیصل آباد۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء)حکومتی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں ایجوکیشن انرولمنٹ مہم کے تحت یکم اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال کے دوران 5سے 9سال تک کی عمر کے لاکھوں آئوٹ آف سکول بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے جبکہ فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے نیز داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم فیصل آباد کے ذرائع نے بتایا کہ محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز ، ڈسٹرکٹ و ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سیکنڈری و ایلیمنٹری زنانہ و مردانہ ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز ایلیمنٹری زنانہ و مردانہ اور تمام پرائمری ، مڈل و ہائی گرلز و بوائز سکولوں کے سربراہان کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہاگیاہے کہ وہ فوری طور پر فیصل آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ،ملتان ، ساہیوال ، بہاولپور ،ڈی جی خان ،لاہور ڈویژنز کے تمام 36 اضلاع میں آگاہی مہم شروع کریں اور ایسے تمام والدین جن کے بچوں کی عمر 5سے 9سال تک ہے اور وہ سکولوں میں داخل نہیں انہیں ترغیب دی جائے کہ وہ ہر حال میں اپنے بچوں کوسکولوں میں داخل کروائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ انرولمنٹ مہم کے تحت آئوٹ آف سکول بچوں کی 100فیصد انرولمنٹ کو یقینی بنایاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم کا تدریسی عملہ ڈور ٹو ڈور آگاہی مہم بھی چلائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کی نگرانی متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز جبکہ مانیٹرنگ کے فرائض سی ای اوز ایجوکیشن سر انجام دیں گے اور ہر ہفتہ مکمل رپورٹ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کو فراہم کی جائے گی۔

انہوںنے بتایاکہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی چیکنگ بھی کی جائے گی جس کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈی پی آئی سکولز ایجوکیشن پنجاب بھی براہ راست انرولمنٹ مہم کی نگرانی کریں گے۔ انہوںنے واضح کیاکہ انرولمنٹ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔