چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر پورے ملک میں کام زوروشور سے جاری ہے،

پاکستان اور چین دونوں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں ، چاؤ لی جیان

جمعرات 22 مارچ 2018 13:36

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر پورے ملک میں کام زوروشور سے جاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) پاکستان میں چین کے ڈپٹی چیف آف مشن چاؤ لی جیان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر پورے ملک میں کام زوروشور سے جاری ہے، پاکستان اور چین دونوں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کو اپنا سچا دوست سمجھتے ہیں، سی پیک سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی، سی پیک کی کامیابی میں میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں رابطوں اور تعاون کا اہم کردار ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چاؤ لی جیان نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا ایک اہم عنصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی چین کا دیرینہ خواب ہے، چین پاکستان کو اپنا بہترین دوست سمجھتا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری صرف چین اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے حکمت عملی کا نام نہیں بلکہ یہ اس پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خطے کے دوسرے ملکوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ 21 ویں صدی کا اہم ترین منصوبہ ہے، اس سے افریقہ، ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے 65 ممالک منسلک ہوں گے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی، بنیادی ڈھانچے، صنعتی زونز اور گوادر کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے رواں سال توانائی بحران ختم ہو جائیں گے، سی پیک سے چاروں صوبے، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور فاٹا یکساں مستفید ہونگے۔

متعلقہ عنوان :