ملکی ترقی و خوشحالی جمہوریت کے ساتھ منسلک ہے

وفاقی وزیر تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ انجینئر محمد بلیغ الرحمان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 27 مارچ 2018 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) وفاقی وزیر تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی جمہوریت کے ساتھ منسلک ہے۔ منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنگ میل کے حصول کے لیے ملک میں جمہوری نظام کا تسلسل بہت ضروری ہے کیونکہ ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے جا رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ آمروں کی حکومتوں نے ملکی سالمیت اور معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے افواہیں پھیلائیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرے گی لیکن ہم نے ان غیر سنجیدہ لوگوں کے بیانات کو کوئی اہمیت نہیں دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک طاقتور آئین ہے جس کے مطابق کوئی بھی نظام میں مداخلت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے ہر فرد سے ماضی کی غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سینیٹ انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف بدعنوانی کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آمر پرویز مشرف کے ساتھ قومی مفاہمتی آرڈیننس کیا۔