جوکادلیہ وزن میں کمی، امراض قلب اور ذیابیطس سے بچائو کیلئے مفید ہے، ماہرین

جمعہ 30 مارچ 2018 12:28

سٹاک ہوم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء) سویڈن کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ جو کے دلیے کا مسلسل استعمال وزن میں کمی سمیت امراض قلب اور ذیابیطس جیسے جان لیوا مرض سے بچائو فراہم کرتا ہے۔ سویڈن میں واقع لیونڈ یونیورسٹی کے شعبہ صحت کے ماہرین کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو میں پائے جانے والے خصوصی فائبر طبی لحاظ سے صحت کے لیے بہت مفید ہے اور اس کا دلیہ لوگوں کی خوراک کی اشتہا کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

غذائی فائبر کا درست انتخاب مختصر مدت میں حیرت انگیز طبی فوائد کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے جدید تحقیق کے دوران رضاکاروں کو ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے میں روزانہ جو سے تیار کردہ روٹی کھلائی گئی اور پھر ان کے اندر ذیابیطس اور خون کی شریانوں کے امراض کے خطرے کا تعین کیا گیا۔ محققین کے مطابق رضاکاروں کے میٹابولزم میں بہتری دیکھی گئی جس کے نتیجے میں بلڈشوگر اور انسولین کا لیول کم ہوا جبکہ انسولین کی حساسیت بڑھ گئی۔ان کا کہنا تھا کہ جو کے کھانے سے معدے میں موجود صحت کے لیے اچھے بیکٹریا زیادہ سرگرم ہوگئے اور جسم میں اہم ہارمونز کا اخراج ہوا جس سے انکی صحت میں بہتری ، بلڈ شوگر لیول کنٹرول ہوا ہے۔