سائوتھ چائنہ ایگریکلچر یونیورسٹی کے تعاون سے سرگودھا یونیورسٹی میں سٹرس ریسرچ سنٹر کا افتتاح کردیا گیا

جمعہ 30 مارچ 2018 16:44

سرگودھا۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء) سائوتھ چائنہ ایگریکلچر یونیورسٹی کے تعاون سے یونیورسٹی کالج آف ایگریکلچر،یونیورسٹی آف سرگودھا میں سٹرس ریسرچ سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق سائوتھ چائینہ ایگریکلچر یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ چھن یائو ینگ اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودہا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے سٹرس ریسرچ سنٹر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر ڈاکٹر محمد افضل، پرنسپل کالج ڈاکٹر ابوبکر محمد رضاو دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ سٹرس ریسرچ سنٹر کے تحت لیبارٹری قائم کی گئی ہے ۔جس میں سٹرس کی پیدوار بڑھانے اور اس کی بیماریوں کے تدارک کے حوالے سے تحقیق کی جائے گی جب کہ ریسرچ سنٹر میں زرعی پیداوار پر کیڑے مکوڑوں کے حملوں میں کمی اور دوست کیڑوں کی افزائش کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی زرعی یونیورسٹی کے وفد نے زرعی کالج کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور سرگودہا کی زرعی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سائوتھ چائینہ زرعی یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ نے کہا کہ سرگودہا میں بغیر بیماری کے سٹرس کی پیداوار کو یقینی بنانے کے لئے چینی زرعی سائنسدان زرعی کالج یونیورسٹی آف سرگودہا کی بھرپور معاونت کریں گے اور سٹرس کی پیداوار کو دگنا کرنے کے لئے بھی چینی سائنسدان اپنی خدمات فراہم کریں گے۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودہا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ چینی زرعی سائنسدانوں کے سرگودہا میں آنے سے یہاں خطے کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ہم چھوٹے کسانوں کو فوکس کریں گے اور ان کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کریں گے اور زرعی کالج اور چائینہ کے ماہرین ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔