مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے ہاتھوں شوپیاں اور اسلام آباد میں 17 نوجوانوںکی شہادت کے خلاف مشترکہ قیادت کی اپیل پر مکمل ہڑتال

قابض فورسز کی مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی تعداد 200سے تجاوز کر گئی، دونوں اضلاع میں موبائل فون اور ریل سروسز معطل

پیر 2 اپریل 2018 10:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران شوپیاںاور اسلام آباد کے اضلاع میں 17کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر پیر کو مکمل ہڑتال کی گئی، قابض افواج کی طرف سے فائرنگ اور پیلٹ کے اندھا دھند استعمال کے نتیجہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے جنوبی کشمیرمیں شوپیاں اور اسلام آ باد علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران جدید بارودی ہتھیاروں کا استعمال کرکے متعدد مکانوںکو تباہ کردیا تھا جن کے ملبے سی13 نوجوانوں کی لاشیں نکالی گئیں جبکہ بھارتی فوجیوں نے سوگواروں پر اندھا دھند گولیوں ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کا وحشیانہ استعمال کرکے مزید چار افراد کو شہید کردیا تھا ا ۔

(جاری ہے)

بھارتی پولیس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں دعوی ٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے ۔تاہم مقامی افراد نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کو جعلی مقابلوںمیں اور پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے شہید کیا گیا۔ادھر سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت کی کال پر نوجوانوں کے قتل کے خلاف پورے مقبوضہ علاقے میں پیر کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ دریں اثنا ء قابض انتظامیہ نے دونوں اضلاع میں موبائل فون اور ریل سروسز معطل کر دی ہیں۔