وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 24ملکی مشترکہ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لئے دو روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے،جنگی مشقوں کا مقصد علاقائی ممالک کے مابین فوجی و سیکیورٹی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینا ہے

پیر 16 اپریل 2018 00:20

دمام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 24ملکی مشترکہ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لئے اتوار کو دو روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ایک ماہ پر محیط گلف شیلڈ۔1 (آج)پیر کو اختتام پذیر ہو گی جس کا مقصد علاقائی ممالک کے مابین فوجی و سیکیورٹی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینا ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر یہاں پہنچے ہیں۔وزیر اعظم کا شاہ عبدالعزیز فضائی اڈے الخبر پر دمام کے گورنر شہزادہ سعود بن نائف نے استقبال کیا۔وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔پاک فوج کے دستے،پاک فضائیہ کے سی۔

(جاری ہے)

130 جہاز،جے ایف۔17تھنڈر لڑاکا طیارے،پاک بحریہ کے بحری جہاز سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں،ان مشقوں کو مختلف ممالک کے فوجی دستوں،ہتھیاروں کے نظام اور پیشہ وارانہ مہارتوں کے اعتبار سے خطہکی بڑی ترین فوجی مشقیں کہا جارہا ہے۔مشترکہ گلف شیلڈ۔1 کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل عبداللہ الصبائی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ان مشقوں کے خدو خال میں فوجی آپریشن،حربی فوجی آپریشن جیسی دو اقسام ہیں جس میں دشمن کے خلاف ساحلی دفاعی حملوں کے علاوہ باقاعدہ جنگی حربی تیاریاں یرغمال بنانے والے عناصر سے دیہات اور ساحلی اور صنعتی تنصیبات کو واگزار کرنے کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مشقوں کا اہم ترین پہلو جائنٹ ملٹری کمبیٹ آپریشنل پلان ہے تاکہ خطہ کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے اور دشمن عناصر کا مقابلہ کیا جا سکے۔ترجمان نے کہا کہ مشقوں میں شریک ممالک کے مابین فوجی تعاون کو فروغ دینا اور اس کے علاوہ اجتماعی سلامتی،اتحاد اور مشترکہ مقاصد کی سوچ کو فروغ دینا بھی ان مشقوں کا ایک بنیادی مقصد ہے۔اختتامی تقریب میں شریک فوجی دستوں کی پریڈ ہو گی،شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود حکومتی قائدین،وزرائے دفاع و خارجہ اورمختلف مسلح افوج کے سربراہان کا استقبال کریں گے۔