ایران فرقہ واریت پھیلانے اور قبضے کے لیے کوشاں ہے،سعودی وزیرخارجہ

قطرانتہاپسندوں کی مددترک کرنے کا وعدہ پوراکرے،عادل الجبیر/اگلی عرب لیگ کانفرنس لبنان میں کرانے کا اعلان

پیر 16 اپریل 2018 12:24

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ایران ایک مافیا ہے جو خطے میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر عرب ملکوں پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پریس کانفرنس میں انہوں نے شام کے تنازع کا منصفانہ اور سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب شام کے تنازع کا سیاسی حل چاہتا ہے۔

اس کے لیے بہتر حل پہلے جنیوا اجلاس میں طے کردہ اصول مثال حل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں قبضے اور توسیع پسندی کے لیے فرقہ واریت کی آگ بھڑکانا چاہتا ہے۔الجبیر نے کہا کہ عرب سربراہ کانفرنس میں حوثی دہشت گردوں کے سعودی عرب پر حملوں کی کھل کر مذمت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

الجبیر نے بتایا کہ عرب سربراہ اجلاس میں عرب اقوام کی سلامتی کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اور حکمت عملی وضع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں عادل الجبیر نے بتایا کہ آئندہ ہونے والے عرب سربراہ کانفرنس کی میزبانی لبنان کرے گا اور اس کانفرنس میں اقتصادی امور پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے قطر کی طرف سے خود کو خلیجی دھارے سے باہر نکالنے کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ قطر کو دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے انتہا پسندوں کی مدد ترک کرنے کے اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ایک سوال کے جواب میں الجبیرنے کہا کہ عرب سربراہ کانفرنس کا انعقاد علاقائی تنازعات سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ یہ اجلاس معمول کا حصہ ہے۔

متعلقہ عنوان :