ریاض ، کنگ ڈم ٹاورکو پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن کردیا گیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:25

ریاض ، کنگ ڈم ٹاورکو پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن کردیا گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی خوشی میں سعودی دارالحکومت ریاض کی 99 منزلہ بلند عمارت دی کنگ ڈم ٹاور کو پاکستانی پرچم کے رنگ سے روشن کردیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے بعد سبز ہلالی پرچم اور سعودی عرب کے پرچم کے رنگوں سے 99 منزلہ بلند عمارت کو روشن کیا گیا۔

اسلام آباد میں مختلف عمارتوں کو سبز رنگ کی روشنیوں سے سجایا گیا، دونوں برادر ملکوں کے پرچم لہرائے گئے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط رشتے اور اسٹریٹجک معاہدے پر گیت جاری کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو اجاگر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کے تحت کسی بھی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ملکوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔

معاہدے میں کہا گیا کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اور پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔