پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا برازیلین کوچ سے تین سال کا معاہدہ طے پایا گیا

غیر ملکی آفیشل کو مشاہرے کی ادائیگی کیلئے بحرین معاونت کرے گا ،ْ فیصل صالح حیات ہماری کوشش ہوگی کہ مل جل کر فٹبال کے فروغ کیلئے کام کیا جائے ،ْ صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن

پیر 16 اپریل 2018 13:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کیلئے برازیلین کوچ کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، غیر ملکی آفیشل کو مشاہرے کی ادائیگی کیلئے بحرین معاونت کرے گا۔پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کانگریس کے سالانہ اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال کو عروج کی طرف گامزن کرنے کیلئے گراس روٹ لیول سے اوپر تک کام کرنا ضروری ہے۔

نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا اور تمام اضلاع میں ٹورنامنٹ کروائے جائیں گے جس کا پہلا مرحلہ پنجاب سے شروع ہوگا۔ تین سال میں پاکستان فٹبال کو بڑا نقصان پہنچا ہے جس کی تلافی کیلئے سخت محنت اور انقلابی اقدامات کی سخت ضرورت تھی فوری طور پر چند قدم اٹھائے ہیں ان میں سب سے بڑا قدم غیر ملکی کوچ کی تعیناتی ہے ،ْبرازیلین یوتھ ٹیم کیلئے کام کا تجربہ رکھنے والے جوز انتونیو ناگورا کے ساتھ 3سال کا معاہدہ کیا ہے ،ْان کا مشاہرہ کافی زیادہ تھا جس کیلئے دوست ملک بحرین نے معاونت کی حامی بھر لی ،ْ ویمنز فٹبالرز کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ان کیلئے بھی جاپان سے خاتون کوچ کی بات چیت چل رہی ہے جن کی خدمات بلامعاوضہ حاصل ہوں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی قومی ٹیم ایشین گیمز اور اے ایف سی چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے ڈیڑھ ماہ کے تربیتی کیمپ کے بعد 4بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلے گی جس سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے امکانات روشن ہوں گے۔ افغانستان کے ساتھ میچز کیلئے بات چیت جاری ہے۔فیفا اور اے ایف سی دو گول پراجیکٹس کیلئے فنڈز کی درخواست کی تھی جس کی اصولی طور پر منظوری دی جاچکی ہے چمن اور لیاری میں منصوبے مکمل کریں گے مزید دو پراجیکٹس کیلئے بھی درخواست کی ہے۔

ایک پنجاب، دوسرا خیبر پختونخوا میں ہوگا پاکستان میں فٹبال کے ڈویلپمنٹ فنڈز معطلی کی وجہ سے رکے ہوئے تھے پی ایف ایف کی حیثیت بحال ہوجانے کے بعد 4.3ملین ڈالرز کے فنڈز دینے کی حامی بھر لی ہے اس رقم سے کئی مسائل حل ہوسکیں گے تاہم سرفہرست کھلاڑیوں اور آفیشلز پر سرمایہ کاری کرنا ہے،کھلاڑیوں کا یومیہ الائونس100 سی200ڈالر کردیا گیا ،ْ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر نے کہا کہ آج پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز میں پنجاب کے 36میں سے 27 اضلاع سے آنے والے عہدیداروں کا مجھ پر اور درحقیقت صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات پراظہار اعتماد ہمارا اثاثہ ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ مل جل کر فٹبال کے فروغ کیلئے کام کیا جائے۔