معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قوم اور مسلح افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ، صدرپاکستان ہاکی فیڈریشن

جمعہ 8 مئی 2026 18:55

معرکہ حق    کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قوم اور مسلح افواجِ پاکستان کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے معرکہ حق آپریشن بیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قوم اور مسلح افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معرکہ ملکی دفاع کی تاریخ کا ایک روشن اور سنہرا باب ہے، جس نے پاکستان کی عسکری صلاحیت، قومی یکجہتی اور دفاعی عزم کو دنیا بھر میں اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے والے غازیوں اور وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہدا پوری قوم کا فخر ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اپنے خصوصی پیغام میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر ملک بھر میں نمائشی ہاکی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن کا مقصد پاک فوج اور دیگر مسلح افواج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن سمیت پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ہر سطح پر یکجہتی کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔ محی الدین احمد وانی نے اس کامیابی کو وزیراعظم پاکستان اور عسکری قیادت کی بہترین حکمت عملی، بروقت فیصلوں اور غیر معمولی قیادت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کی زیر قیادت بری، بحری اور فضائی افواج نے جس جرات، اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بیان مرصوص یعنی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمن کو عبرتناک شکست دی اور عالمی سطح پر پاکستان کے دفاعی وقار کو مزید بلند کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میدانِ جنگ ہو یا کھیل کا میدان، کامیابی ہمیشہ نظم و ضبط، عزم، حوصلے اور حب الوطنی سے حاصل ہوتی ہے۔ معرکہ حق نے نوجوان نسل اور کھلاڑیوں میں یہ اعتماد پیدا کیا ہے کہ اگر قوم متحد ہو تو کوئی بھی چیلنج ناقابلِ شکست نہیں رہتا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس جذبے کے ساتھ افواجِ پاکستان نے وطن کا دفاع کیا، اسی جذبے کے ساتھ پاکستان ہاکی کو بھی دوبارہ عالمی سطح پر ایک مضبوط اور ناقابلِ شکست قوت بنانے کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔ صدر پی ایچ ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے خلاف اس معرکے میں کامیابی نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کے دفاع کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پوری ہاکی برادری ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور قومی اتحاد و یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔