پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے چھوٹے کسانوں کو آسان شرائط پرقرضوں کی فراہمی شروع کردی

پیر 16 اپریل 2018 13:34

فیصل آباد۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے امداد باہمی کی تنظیموں کے ممبران و چھوٹے کسانوں کو آسان شرائط پرقرضوں کی فراہمی شروع کردی ہے جبکہ فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی کاعمل 30جون تک جاری رہے گا، اس عرصہ کے دوران فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ،جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھرمیں اڑھائی ارب روپے کے قریب قرضے جاری کئے جائیں گے ۔

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں چھوٹے کاشتکاروں کو فصلات خریف کیلئے بھرپورطریقے سے قرضوں کی فراہمی کاآغاز کردیاگیاہے تاکہ وہ بروقت بیج ، کھاد ، زرعی ادویات ، زرعی آلات وغیرہ کے حصول سمیت دیگر زرعی مداخل کیلئے اخراجات پورے کر سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ فصلات خریف کیلئے چھوٹے کاشتکار کوآپریٹوسوسائٹیز کے ذریعے قرضہ جات حاصل کرکے اپنی زرعی ضروریات پوری کرتے ہوئے ملکی زرعی پیداوار میں اضافہ اور غذائی اجناس کی خود کفالت میںمعاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کوآپریٹو سوسائٹیز اور ان کے ممبران و چھوٹے کاشتکاروں سے کہاگیاہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا فصلات ربیع کے قرضوں سمیت بقایاجات کی بروقت ادائیگی میں بھی بھرپور تعاون کریں تاکہ فصلات خریف کیلئے زیادہ سے زیادہ قرضوں کی فراہمی میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :