سپورٹس ڈیسک*

آئرلینڈ، انگلینڈ میں ٹیم کیلئے کنڈیشنز ٹھیک آسان نہیں ، وسیم اکرم ڈومیسٹک میں بہترین پرفارمنس کے باوجود فواد عالم کو ٹیم سے ڈراپ کرنا سمجھ تے بالاتر ہے ،سابق فاسٹ بائولر ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر راضی ہوں اور گھر بیٹھ کر سب کیلئے خوشی کااظہار کروں گا ، فواد عالم

پیر 16 اپریل 2018 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر اور سوئنگ بالنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ دورہ آئر لینڈ اورانگلینڈ میں پاکستان ٹیم کے لیے کنڈیشنز آسان نہیں ہوں گی، فواد عالم جیسے بلے باز کو ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کرنے کے باوجود ڈراپ کرنا سمجھ سے باہر ہے جبکہ کرکٹر فواد عالم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر راضی ہوں اور گھر بیٹھ کر سب کیلئے خوشی کااظہار کروں گا ۔

تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد فواد عالم کی عدم شمولیت پر شائقین کرکٹ نے انتہائی مایوسی کا اظہار کیا اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی شائقین کے ساتھ اپنی آواز ملا دی ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر اب نوجوان کرکٹرز کو موقع دے کر مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن وہ یہ بھی بتائیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ کس لیے ہوتی ہی اگر اس میں رنز کرنے والے کو موقع نہیں ملے گا تو کس کو ملے گا ، فواد عالم کو موقع نہ دینا سمجھ سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیگ سپنر یاسر شاہ کے نہ ہونے سے ٹیم کو اس دورے میں نقصان ہو گا، دو سپنرز اور تین ا وپنرز ٹیم میں ہونے چاہیے تھے۔فاسٹ بالروہاب ریاض کے حوالے سے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کی کارکردگی میں تسلسل نہیں اور وہ مہنگے ثابت ہوتے رہے ہیں، نوجوان کرکٹرز کو موقع دینا اچھی بات ہے، ٹیم میں فخر زمان کی شمولیت خوش آئند ہے۔

دوسری جانب دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے 16 رکنی ٹیسٹ ٹیم سے محروم ہونے والے فواد عالم نے پاکستانی شائقین کرکٹ کی طرح گھر بیٹھ کر میچ دیکھنے اور قومی ٹیم کیلئے جیت کی دعائیں کرنے پیغام جاری کرتے ہوئے منتخب ہونے والوں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ منتخب نہ ہونے پر راضی ہوں اور گھر بیٹھ کر سب کے لیے خوشی کا اظہار کروں گا، ٹیم کی کوششوں اور اللہ کے حکم سے پاکستان کامیاب ہوگا۔۔

متعلقہ عنوان :