فلومینینسیاور الہلال کی ٹیمیں فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

منگل 1 جولائی 2025 22:46

فلومینینسیاور الہلال کی ٹیمیں فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارٹر ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء) برازیلین فٹ کلب کی ٹیم فلومینینسیاورسعودی عرب کے الہلال کلب کی ٹیمیں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کلب کی ٹیم ٹاپ 16 رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ فلومینینسے نے ٹاپ 16 رائونڈ میچ میں حریف اٹالین فٹ بال کلب کی ٹیم انٹرمیلان کو شکست دے کر ٹاپ 8 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ سعودی عرب کے الہلال کلب کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد پری کوارٹر فائنل میچ میں اپ سیٹ کرتے ہوئے حریف دفاعی چیمپئن برطانوی فٹ بال کلب کی ٹیم مانچسٹر سٹی کوپچھاڑ کر کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

اس کامیابی کے ساتھ، پہلی بار وسعت دی گئی کلب ورلڈ کپ فارمیٹ میں فلومینینسے دوسری برازیلی ٹیم بن گئی ہے جو کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل برازیل کی پالمیراس کلب فٹ بال ٹیم بھی ٹاپ ایٹ رائونڈ میں جگہ بنا چکی ہے۔ عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے میچز کا سلسلہ امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

منگل کو بینک آف امریکا سٹیڈیم، شارلٹ کے مقام پر کھیلے گئے ٹاپ 16 رائونڈ کے میچ میں فلومینینسیاور حریف اٹالین فٹ بال کلب کی ٹیم انٹرمیلان کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں فلومینینسے کی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرمیلان کی ٹیم کو با آسانی 0-2 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔فلومینینسے کی جانب سے جرمن ایزکوئیل کینو ریکالڈے اور ہرکولیس پریرا ڈو نیسکیمینٹو نے ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

کیمپنگ ورلڈسٹیڈیم اورلینڈوکے مقام پر کھیلے گئے ٹاپ 16 رائونڈ کے ایک اور میچ میں سعودی عرب کے الہلال کلب کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد پری کوارٹر فائنل میچ میں اضافی وقت میں حریف دفاعی چیمپئن برطانوی فٹ بال کلب کی ٹیم مانچسٹر سٹی کوپچھاڑ کے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا تاہم میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا۔

اضافی وقت میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد الہلال کلب کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن مانچسٹرسٹی کو 3-4 گول سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ تک رسائی حاصل کرلی۔ الہلال کلب کی جانب سے مارکوس لیونارڈو نے دو جبکہ میلکم اور کالیڈو کولبیلی نے ایک ، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مانچسٹر سٹی کی طرف سے برنارڈو سلوا،ایرلنگ ہالینڈ اورفل فوڈن نے ایک، ایک گول سکور کیا۔