یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کے خلاف تحریک التواء پیش کی جائے گی،بیرسٹرسلطان محمود

18 اپریل کولندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں مودی کے خلاف مظاہرے میں کشمیری ثابت کر ینگے وہ متحد ہیں اور بھارت کا اصل اور مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا،ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر سے ملاقات میں گفتگو

پیر 16 اپریل 2018 16:50

لیڈز،شفیلڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ منگل کے روز یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کے خلاف تحریک التواء پیش کی جائے گی۔میں نے پچھلے دوماہ میں یورپی پارلیمنٹ کے دو دورے کیے اور برسلز اور اسٹراس برگ میں جاکر انہیں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

اسی وجہ سے اب یہ تحریک التواء پیش کی جارہی ہے۔اس بات کا فیصلہ یہاں لیڈز میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر لیڈزمیں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کے بعد یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسٹراس برگ روانہ ہو گئے ہیںجہاں پر وہ دیگر ممبران یورپی پارلیمنٹ سے صلاح و مشورے کے بعد مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کریں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے گزشتہ دوروز میں اپنے برطانیہ میں قیام کے دوران 17 سے زیادہ شہروں کا دورہء کرکے مودی کے خلاف 18 اپریل کولندن میں ہونے والے مظاہرے کے لئے کشمیریوں کو منظم کیا۔ان شہروں میں مانچسٹر، بریڈفورڈ، لیڈز، ناٹنگھم، ہیلی فیلکس، ڈیوز بری، برلے، نیلسن، راچڈیل، اولڈھم اور دیگرشامل ہیں۔اس موقع پر مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 18 اپریل کولندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں مودی کے خلاف مظاہرے میں آزاد کشمیر کے ایک جھنڈے تلے کشمیری بھرپور انداز میں شرکت کرکے یہ ثابت کر دیں گے کہ وہ متحد ہیں اور مودی اور بھارت کا اصل اور مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں پہلے بھی لندن ملین مارچ میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کو آزاد کشمیر کے ایک جھنڈے تلے جمع کیا تھا۔میں نے اس سلسلے میں برطانیہ کے مختلف شہروں کا دورہ کرکے کشمیریوں کو مودی کے خلاف مظاہرے میں شرکت کے لئے منظم کیا ہے اور آئندہ دو روز میں برطانیہ کے مزید شہروں کا دورہ کرکے لوگوں کو 18 اپریل کو مودی کے خلاف مظاہرے میں شرکت کی دعوت دونگا۔

انھوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پر اپنی آواز بلند کرے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے مختلف ممالک کے دورے کرکے مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی ہے۔جسکی وجہ سے اب دنیا مسئلہ کشمیر کو سمجھنا شروع ہو گئی ہے اور اب مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں زیر بحث ہے۔یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر پر پیش ہونے والی تحریک التواء بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔