نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے افتتاح کی تاریخ سے متعلق نیا اعلان کردیا گیا

پیر 16 اپریل 2018 19:19

نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے افتتاح کی تاریخ سے متعلق نیا اعلان کردیا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)ایوی ایشن ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر20 اپریل سے قومی و بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت شروع ہوجائے گی ،ڈویژن نے کسی بھی محکمے کو آپریشن موخر کرنے کی ہدایات جاری نہیں کیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت کی تاخیر کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹ پر 20 اپریل سے اندرون و بیرون ملک پروازوں کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیو ایئر پورٹ پر آپریشن کو موخر کرنے کے حوالے سے کسی بھی محکمے کو کسی قسم کی کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پاکستان کا سب سے بڑا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے جس پر پروازوں کا عمل شروع کرنے کے لئے ایئرپورٹ پر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بین الا قوامی و جدید معیار کے مطابق سہولیات سے آراستہ نیو ایئرپورٹ پر مسافروں کو تمام تر سہولیات مہیا کی جا سکیںگی۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ 20 اپریل کو مکمل طور پر آپریشنل کر دیا جائے گا۔