ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو جلد مکمل کیا جائے‘ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ

پیر 16 اپریل 2018 19:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو کا اولین مقصد اپنے صارفین تک محفوظ اور معیاری بجلی کی ترسیل کو ممکن بنانا ہے ا ور گزشتہ کچھ ماہ کے دوران 132کے وی سسٹم کو مزید مظبوط اور بہتر بنانے کے لئے لیسکو نے بہت سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس کے باعث نہ صرف صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے بلکہ وولٹیج کی کمی جیسے مسئلے پر بھی قابوپایا جا رہا ہے۔

چیف ایگزیکٹو نے یہ بات132کے وی غازی گرڈ اسٹیشن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔اس موقع پرچیف انجینئر ڈویلپمنٹ ممتاز علی خان نے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کو شعبہ ڈویلپمنٹ کے زیر انتظام جاری تمام ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو نے اس موقع پر ہدایات جاری کیںکہ ایشین ڈویلمپنٹ بینک کے تعاون سے جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو رواں مالی سال کے اندر مکمل کیا جائے جبکہ ڈویلپمنٹ کے زیر نگرانی دیگر ترقیاتی کاموںمیں کام کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں مقررہ مدت کے اندرپورا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیسکو سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹیں ختم کرنے کے اپنے ٹارگٹ پر بھرپور طریقے سے کام میں مصروف عمل ہے تاکہ لاہور سمیت لیسکو کے زیرانتظام تمام سرکلز میں موسم گرما اور آئندہ آنے والے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کے 132kvغازی گرڈ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر مجاہد سعید رانا، چیف انجنئیر ڈویلپمنٹ ممتاز علی خان، پی ڈی جی ایس سی رفعت محبوب بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو نے موسم گرما اور رمضان المبارک کے دوران بجلی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہائی الرٹ کردیا ہے تاکہ سسٹم کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم سے تمام چھوٹی اور بڑی رکاوٹوںکو مکمل طور پر ختم کیا جائے اور صارفین کی پاور ڈیمانڈ کو احسن اسلوبی سے پورا کیا جاسکے۔