خانیوال میں باردانہ کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا گیا

پیر 16 اپریل 2018 21:02

خانیوال ۔ 16اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پرضلع خانیوال میں باردانہ کی فراہمی کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا گیا ہے جو کہ 20اپریل تک جاری رہے گی۔ اس سلسلہ میں گندم خریداری سنٹر پر تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اورتمام متعلقہ افسران وملازمین اپنی ڈیوٹیاں احسن طریقہ سے سرانجام دیں ۔

یہ بات انہو ںنے گندم خریداری سنٹر خانیوال کے اچانک معائنہ کے دوران کہی ۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع خانیوال میں گندم خریداری کا ٹارگٹ 1لاکھ 85ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا جس کے لیے ضلع خانیوال میں 14گندم خریداری سنٹرز قائم کردئیے گئے ہیں ان میں تحصیل خانیوال ‘کبیروالا او رجہانیاں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے مزید کہاکہ 16اپریل سے 20اپریل تک درخواستیں وصول کی جائیں گی اور 21تا24اپریل تک سکروٹنی کی جائیگی اور 25اپریل سے باردانہ کا اجراء کیا جائیگا حکومت پنجاب کی ہدایت پر 1300روپے فی من کے حساب سے گندم کی خرید کی جائیگی ۔ معائنہ کے دوران انہوں نے کسانوں سے مسائل بھی دریافت کیے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام خریداری سنٹرز پر سایہ دار جگہ ‘پینے کا ٹھنڈا پانی ‘کرسیاں اور سی سی ٹی وی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں اورپولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کیے جاچکے ہیں تاکہ عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے