تعلیم کا فروغ و ترقی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے،عارف یوسف

پیر 16 اپریل 2018 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے قانون عارف یوسف ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ و ترقی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے جس میں بہتر پالیسیوں اور منصوبہ بندیوں پر عمل پیرا ہو کر صوبائی حکومت نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں ، جس کی آج دیگر صوبے تقلید بھی کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں تربیہ انٹرنیشنل سکولز کے زیر اہتمام سالانہ یوم تقسیم اسناد و ثقافتی نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ وارث خان آفریدی ،سی ای او تربیہ انٹرنیشنل سکولز فاروق صادق ، ابرار الحق ، تربیہ انٹرنیشنل سکولز کے تمام کیمپسز بشمول اسلام آباد و راولپنڈی کے پرنسپلز ، اساتذہ ،طلبہ اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی عارف یوسف نے کہا کہ معیاری تعلیم کی ترقی و فراہمی میں نجی تعلیمی اداروں کے کردار سے انحراف نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے تربیہ انٹرنیشنل سکولز کی تعریف کی جہاں پر طلبہ کو مشنری جذبے کے تحت دینی و دنیاوی تعلیم سے منور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے وہاں لگائے گئے پاکستان کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور اسلامی ممالک سعودی عرب ، افغانستان ، ایران ، عراق ، ملیشیاء فلسطین ، شام ، ترکی ، بنگلہ دیش اور سوڈان کے ثقافتی سٹالوں کا معائنہ کیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اس طرح کی ہم نصابی سرگرمیاں بھی ذہنی نشونما کیلئے ضروری ہیںاور اس کیلئے حکومت ہر سطح پر ہر ممکن تعاون و سرپرستی کرے گی۔

اس موقع پر تمام کیمپسز کے پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں ٹرافیاں ،محنتی اساتذہ اور تعاون کرنے والے والدین میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیںاور حفظ مکمل کرنے والے حفاظ کی دستار بندی بھی کی گئی۔اس موقع پر سی ای او فاروق صادق نے تربیہ انٹرنیشنل سکولز کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہاں پر طلبہ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ انٹرنیشنل لیول کی انگریزی طرز تعلیم سے روشناس کرایا جا رہا ہے وہاں پر ناظرہ اور حفظ کی تعلیم دے کر ان کے سینوں کو دین کی دولت سے بھی منور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پر لگائے گئے مختلف ثقافتی سٹالوں کا مقصد طلبہ میں اپنے ملک اور دیگر اسلامی ممالک کی ثقافتوں سے آگہی دینا ہے۔قبل ازیں تربیہ انٹرنیشنل سکولز کے طلبہ نے مختلف خاکے پیش کر کے حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔آخر میں مہمان خصوصی عارف یوسف اور سی ای او فاروق صادق نے طلبہ میں ٹرافیاں اور اسناد پیش کیں۔