کوہاٹ میں امن وامان برقرار رکھنے اور مجرمانہ سرگرمیوں پر مؤثر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل طے

پیر 16 اپریل 2018 22:12

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)کوہاٹ میں امن وامان برقرار رکھنے اور مجرمانہ سرگرمیوںپرمؤثر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل طے کرلیا گیا ہے جبکہ نگرانی کا عمل مزید تیز کرتے ہوئے مطلوب اشتہاریوں اور غیر مقامی افراد کے کوائف کمپیوٹرائزڈ کرکے سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کریک ڈائون کافیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ان امور کا فیصلہ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت انکے دفتر میں منعقدہ پولیس افسران کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں ایس پی آپریشنز جمیل اختر،ایس پی انوسٹی گیشن جہانزیب خان،تمام سرکل ایس ڈی پی اوز ،تھانوں کے ایس ایچ اوز ، تفتیشی افسران اور دیگر متعلقہ پولیس حکام موجود تھے۔اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ،تھانوں میں درج سنگین مقدمات کے تفتیشی اموراور جرائم کی شرح کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مجرمانہ سرگرمیوں کے انسداد کی خاطر اٹھائے گئے اقدامات پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے جرائم کے سد باب کے حوالے سے جامع لائحہ عمل طے کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جرائم پیشہ عناصرخصوصاًحکومتی رٹ چیلنج کرنیوالے اشتہاری مجرموںاور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث غیر مقامی افراد کے کوائف کمپیوٹرائزڈ کرکے انکی کڑی نگرانی یقینی بنانے اور امن عامہ میں رخنہ اندازی کے مرتکب سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کریک ڈائون عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پولیس افسران کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے استفادہ کرنے اور ضلع بھر کی تمام چیک پوسٹوں پر گاڑیوں اور اشخاص کی چیکنگ کا عمل مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ تھانوں کی علاقائی حدود کے اندر ہوائی فائرنگ،منشیات فروشی،قمار بازی، سود خوری اور دیگر معاشرتی برائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کسی رعایت کے بغیر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس کے دوران پولیس افسران خصوصاً ٹریفک انچارج پر زور دیا گیا کہ موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کی بھر پور حوصلہ شکنی اور مقامی و بین الاضلاعی روٹس ،انڈس ہائی وے پر واقع لاچی بازار سمیت شہر کے تمام بازاروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ناجائزتجاوزات اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے واضح تنبیہہ کی کہ بدعنوانی اور پیشہ ورانہ فرائض منصبی میں غفلت و کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور پولیس فورس میں رائج جزاء وسزا کے نظام پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے محکمے کیلئے بدنامی کا سبب بننے والی کالی بھیڑوں کو نکال باہر کیا جائے گا۔

اجلاس میں تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا گیا اور جرائم کے خلاف احسن کارکردگی کی بناء پر متعدد ایس ایچ اوزکو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا گیا جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر بعض ایس ایچ اوز کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھی جاری کئے گئے۔