جنرل سیکرٹری سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی یاسر مہدی نے فراڈ کے ذریعے ہتھیائے گئے کمرشل پلاٹ کی قیمت 70لاکھ دیکر مدعی مقدمہ سے صلح کر لی

عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

پیر 16 اپریل 2018 23:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) یوتھ کے مرکزی رہنماء اور سواں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری یاسر مہدی نے فراڈ کے ذریعے ہتھیائے گئے کمرشل پلاٹ کی قیمت 70لاکھ روپے دیکر مدعی مقدمہ محمد عارف سے صلح کر لی ہے تاہم عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ ملزم یاسر مہدی کیخلاف ایف آئی اے کرائم ونگ نے مدعی عارف کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا۔

مدعی کا مؤقف تھا کہ ملزم یاسر مہدی نے سوسائٹی میں موجود کمرشل پلاٹ ٹمپرنگ کر کے کسی اور شہری کو فروخت کر دیا تھا اور خریدار شہری نے اس پلاٹ پر پلازہ بھی تعمیر کر لیا۔ ایف آئی اے نے مکمل تحقیق کے بعد یاسر مہدی کے خلاف مقدمہ درج کیا لیکن ملزم نے عبوری ضمانت کرا لی تھی البتہ درخواست مسترد ہونے پر ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر لیا اور ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھا کہ اس نے ریکارڈ میں ہیر پھیر کر کے کمرشل پلاٹ کو فروخت کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کی10دن کی تفتیش کے دوران ملزم کے ور ثاء اور دوستوں نے مدعی مقدمہ کو نقصان کا ازالہ کر کے راضی کر لیا اور مبلغ 70لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد صلح ہو گئی ۔ عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے اور اب ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت عدالت دو روز بعد کرے گی۔۔

متعلقہ عنوان :