سعودی فرمانروا ،عرب قیادت ،وزیراعظم عباسی اورآرمی چیف کا فوجی مشقوں کا معائنہ

شاہد خاقان عباسی اورجنرل باجوہ کی خصوصی شرکت،مسلح افواج کی اعلیٰ مسابقتی صلاحیتوں پیشہ ورانہ تربیت کا بھی جائزہ

منگل 17 اپریل 2018 12:01

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ابو ظبی کے ولی عہد محمد بن زاید بن سلطان آل نہیان، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم سمیت مختلف عرب رہ نماؤں اوروزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشترکہ عرب مشقوں خلیج ڈھال اوّل کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق خلیج ڈھال اوّل مشقیں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں منعقد ہوئی ہیں اور سعودی عرب میں یہ ایک ماہ تک جاری رہیں۔ یہ فوجیوں اور شریک ممالک کی تعداد کے لحاظ سے خطے میں سب سے بڑی مشقیں تھیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہ حربی صلاحیتوں کی جانچ اور ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت کی جانچ کے اعتبار سے بھی بڑی مشقیں تھیں۔

خلیج ڈھال مشقیں مختلف ممکنہ جنگی منظرناموں میں کی گئی ہیں ۔ان میں شریک ممالک کی تینوں مسلح افواج اور خصوصی پیشہ ور دستوں نے شرکت کی ہے،ان کا مقصد شریک ممالک کی جنگی صلاحیتوں اور حربی تیاریوں میں اضافہ کرنا تھا، ان میں میکانزم کی جدت ، جدید ہتھیاروں اور آلات کے تجربات کیے گئے تاکہ عسکری اور سکیورٹی تعاون اور رابطے کو مزید مربوط بنایا جا سکے۔ان مشترکہ فوجی مشقوں کا مقصد درپیش چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ جنگی ماحول میں موجودہ حربی صلاحیتوں کی جانچ کرنا تھا تاکہ شریک ممالک کی افواج وقتِ ضرورت ان مشترکہ حربی صلاحیتوں کو بروئے لا سکیں ۔ان مشقو ں میں مسلح افواج کی اعلیٰ مسابقتی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :