9 سالہ کشمیری بچے نے الفاظ کی تعداد گننے والا انوکھا پین بنا لیا

منگل 17 اپریل 2018 14:47

9 سالہ کشمیری بچے نے الفاظ کی تعداد گننے والا انوکھا پین بنا لیا
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء)مقبوضہ کشمیر کے ایک 9 سالہ بچے نے الفاظ کی تعداد گننے کی صلاحیت رکھنے والا انوکھا پین ایجاد کرلیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ کی تحصیل وادی گریز سے تعلق رکھنے والے تیسری جماعت کے طالب علم مظفر احمد خان کا تخلیق کردہ منفرد پین صفحات پر لکھے جانے والے الفاظ گننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

9 سالہ مظفر کے مطابق یہ پین دوران لکھائی الفاظ گنتا رہتا ہے جن کی تعداد اس پر نصب چھوٹی سی ایل سی ڈی اسکرین پر نمایاں ہوجاتی ہے ،ْ اس تعداد کو میسج کے ذریعے موبائل فون پر بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔مظفر کے مطابق گذشتہ امتحان میں اسے مقررہ تعداد سے کم الفاظ لکھنے پر کم نمبر ملے تھے جس کے بعد اس نے یہ پین بنانے کی ٹھان لی۔مظفر کے بنائے گئے اس پین کو فیسٹیول آف انوویشن اینڈ انٹرپرینورشپ میں نمائش کیلئے پیش کیا جائیگا جہاں بھارت کے صدر رام ناتھ کووند بچے کو انعام سے نوازیں گے۔

مظفر کے مطابق ان کا یہ پین طلبہ کو امتحانات کے دوران اٴْس وقت مدد فراہم کرے گا جب انہیں مقررہ الفاظ پر مشتمل کوئی مضمون وغیرہ لکھنا ہوگا ،ْ پین کا رواں برس مئی میں مارکیٹ میں آنے کا امکان ہے۔