Live Updates

پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے ہر فورم پر بھر پور انداز میں لڑ رہا ہے،فیصل کریم کنڈی

پوری دنیا کو پاک فوج باور کروا چکی ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والوں سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاتا،گورنر کے پی کی باغ میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 18 جون 2025 14:50

پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے ہر فورم پر بھر پور انداز میں لڑ رہا ہے،فیصل ..
باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)گورنر خیبر پختوانخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیرکی آزادی کے لیے ہر فورم پر بھر پور انداز میں لڑ رہا ہے، پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہے ہندوستان کو پاک فوج نے عبرت ناک شکست دی پوری دنیا کو پاک فوج باور کروا چکی ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والوں سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاتا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کا مقدمہ عالمی دنیا کے سامنے بھر پور انداز میں رکھا دنیا اس وقت یہ بات سمجھ چکی ہے کہ ہندوستان مقبوضہ وادی پر جابرانہ قبضہ جمائے بیٹھا ہے مقبوضہ وادی کے مسلمانوں کو انکا بنیادی حق حق خودارادیت دینا ہی جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے، اسرائیل کیطرف سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں فلسطین کے مسلمانوں پر اسرائیل کا ظلم و جبر عالمی دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے دنیا اسرائیل کی دہشت گردی کا نوٹس لے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے دوران وزیر حکومت سردار ضیا القمر کیطرف سے دیئے گئے عشائیہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد کشمیر سردار ضیا القمر کے علاوہ سیاسی کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی سابق مشیر حکومت راجہ مبشر اعجاز کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں پر سیاسی کارکنان سے خطاب بھی کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کا مقدمہ عالمی دنیا کے سامنے بھر پور انداز میں رکھا ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے اور آزادی کی جد و جہد میں ملکر لڑ رہے ہیں ہندوستان نے پاکستان پر جارحیت کی جس کا جواب اسے ایسا دیا گیا کہ دنیا حیران رہ گئی مستقبل میں بھی اگر بھارت نے اپنی روش نہ بدلی اور پاکستان کے خلاف کسی محاذ پر بھی جارحیت کا سوچا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیل کا حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے دنیا اسرائیل کو اس بات کا پابند کرے کہ وہ عالمی قوانین کی پاسداری کرے ایران ایک پر امن ملک ہے، فلسطین پر اسرائیل کی جارحیت سے لاکھوں جانیں قربان ہو چکی ہیں فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے جو عالمی دنیا اور انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام نے حالیہ بھارتی جارحیت میں جسطرح پاک فوج کیساتھ ملکر جنگ لڑی اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کیساتھ کھڑا رہے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات