پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مقررین

ہفتہ 5 جولائی 2025 14:59

پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مقررین
واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں جو کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کی ضمانت دیتی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فہیم کیانی نے واشنگٹن میٹروپولیٹن ایریا میں کشمیری امریکن کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر بین الاقوامی توجہ کا متقاضی ہے، اکشمیری تارکین وطن کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام کوششیں برائے کار لائیں۔

فہیم کیانی نے کہا کہ تارکین کشمیریوں اور پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں حالات معمول پر آنے کے بھارت کے جھوٹے بیانیے کاپردہ چاک کرنے کیلئے کام کریں۔

(جاری ہے)

فہیم کیانی نے کہا کہ اگرعلاقے کے حالات واقعی ٹھیک ہیں تو دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکار وہاں کیا کر رہے ہیں ۔ ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کا بین الاقوامی ثالثی کو قبول کرنے سے انکار کشمیر کے حوالے سے کسی بھی قسم کے بین الاقوامی مذاکرات کا دروازہ بند کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

ڈاکٹر فائی نے کہاکہ یہ صدر ٹرمپ کی ذہانت ہے کہ وہ بھی یہ سمجھتے ہیںکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کشمیر کے تنازع کو حل کرکے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے گمراہ کن اور غلط موقف اپنا رکھاہے اوریہی وجہ ہے کہ مودی حکومت اس بات کو چھپا رہی ہے کہ صدرٹرمپ نے کوئی کردار اداکیاہے۔ڈاکٹرفائی نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ مودی گمراہ کن بیانیے سے باہر آجائیں۔تقریب کے اختتام پر تمام شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔