مودی حکومت نے کشمیری مسلمانوںکی مذہبی آزادی بھی سلب کر رکھی ہے ، مشعال ملک

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:19

مودی حکومت نے کشمیری مسلمانوںکی مذہبی آزادی بھی سلب کر رکھی ہے ، مشعال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)پیس اینڈ کلچر آرگنائیزشن کی چیئرپرسن اور غیر قانونی طور پر قید کشمیری آزادی پسندرہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں مسلمانوں کی مذہبی آزادی بھی سلب کر رکھی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے اسلام آبادمیںجاری ایک بیان میںیوم عاشورہ کے جلوسوں پرپابندی، نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت مسلمانوںکے دینی جذبات کو مجروح کر رہی ہے، واقعہ کربلاکی یادمیںجلوس نکالنا جرم بن گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب پر عمل پیرا ہونا ایک بنیادی انسانی حق ہے لیکن بھارتی انتظامیہ نے کشمیری مسلمانوں کا یہ حق بھی چھین لیاہے، مودی کا مذہبی جبر اب دنیا سے پوشیدہ نہیں ہے۔مشعال حسین ملک نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر پابندیوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔