ججز اور وکلاء پر دہشت گردی کے مسلسل واقعات سے شدید بے چینی پائی جاتی ہے ،پاکستان لائرز فورم

منگل 17 اپریل 2018 17:42

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان لائز فورم پاک سرزمین پارٹی حیدرآبادکے صدر وقاص صدیقی ایڈوکیٹ ، نائب صدرز سلیمان سروری ایڈوکیٹ و قیصر حسن خان ایڈوکیٹ و اراکین فورم اسلم خان ایڈوکیٹ، عبدالستار قائم خانی ایڈوکیٹ ، تہمور آرائیں ایڈوکیٹ و دیگران نے اپنے ایک مذمتی بیان میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خیر پور کے رہنما و سابقہ جنرل سیکریٹری سید جعفر علی شاہ ایڈوکیٹ اور آغاعمران پٹھان ایڈوکیٹ کے اغواء کے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت ِ وقت ججز اور وکلاء کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، ججز اور وکلاء پر دہشت گردی کے پے در پے واقعات اِس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ حکومت عدلیہ ، ججز اور وکلاء کے تحفظ میں سنجیدہ نہیں ہے جس کی وجہ سے وکلاء برادری میں شدید بے چینی پھیلی ہوئی ہے ، مستقبل میں اِس قسم کے واقعات کی روک تھام نہ ہوئی تو وکلاء برادری مجبوراً شدید احتجاج کرنے پر غور کرسکتی ہے ، بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ وکلاء اور ججز کے تحفظ کیلئے فوری اور مضبوط اقدامات کیئے جائیں ، بیان میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ وکلاء کو ذاتی تحفظ کیلئے خصوصی اسلحہ لائسنس کے اجراء کیلئے خصوصی اقدامات کیئے جائیں تاکہ دہشت گردی کے ممکنہ واقعات پر وکلاء اپنی حفاظت یقینی بناسکیں۔

متعلقہ عنوان :