حافظ آباد، پولیس نے تاوان کے لیے اغواء کئے گئے تین مغویوں کو بازیاب کروا لیا

گینگ سرغنہ سمیت6اغواء کارگرفتار ڈی پی او نے تاوان اور نوسر باز گینگ سے برآمد کیے گئے 16لاکھ روپے مالکان کے حوالے کر د یے

منگل 17 اپریل 2018 22:31

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) حافظ آباد کے نواحی گائوں خیرو مٹمل سے پانچ لاکھ تاوان کی غرض سے اغواء کئے جانے والے تین مغویوں کو پولیس نے اغواء کار گینگ سے بازیاب کرواکے گینگ کے سرغنہ سمیت 6اغواء کاروں کو گرفتارکرلیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث گل نے یہاں پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ قریبا ایک ہفتہ قبل کامی اغواء کار گینگ نے قریبا ایک ہفتہ قبل خیرومٹمل کے ایک ہوٹل سے مسمیان احسان اللہ ، فرمان اللہ، سدین شاہ کو 2گاڑیوں میں اغواء کر لیا۔

جس کے بعد ملزمان نے مغویوں کی رہائی کے بدلے 5لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ پولیس پنڈی بھٹیاں نے ڈرامائی انداز میں سرگودھا کے علاقے سے نہ صرف 6اغواء کاروں کو تاوان کی رقم سمیت گرفتار کر لیا بلکہ تینوں مغویوں کو بھی بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ہونے والے ملزمان میں کامی اغواء کار گینگ کے سرغنہ کامران کے علاوہ اس کے 5ساتھی محمد فاروق، عارف، خالد حسین، مدثر نواز اور فیاض شامل ہیں۔

ڈی۔پی۔او نے مزید بتایا کہ ایک دوسری کاروائی میں حافظ آباد سٹی پولیس نے بنک سے رقم نکلوا کر نکلنے والے سادہ لوح لوگوں کو نوسربازی کے ذریعے لوٹنے والا 4رکنی ظفری نوسر باز گینگ بھی گرفتار کر لیا ہے ۔ ملزمان میں سے ایک سڑک پر بھاری رقم پھینکتاجبکہ باقی گینگ ممبران نوسر بازی کے ذریعے سادہ لوح شخص کو لوٹ کر رفو چکر ہوجاتے۔ایس ایچ او سٹی حافظ آباد اعجاز بٹ اور انکی ٹیم نے CCTVکیمروں کی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر ان کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ ظفر اقبال اور اسکے تین ساتھی لیاقت علی، افضال اور مہر محمد شامل ہیں۔ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر سردار غیاث گل نے تاوان اور نوسر باز گینگ سے برآمد ہونے والے 16لاکھ روپے مالکان کے حوالے کیئے۔

متعلقہ عنوان :