تنظیم شہری دفاع سیالکوٹ کومزید فعال بنانے کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے گی،ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ

بدھ 18 اپریل 2018 00:00

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نویدنے کہا ہے تنظیم شہری دفاع سیالکوٹ کومزید فعال بنانے ، اس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع اور منظم بنانے کیلئے ضلع کی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے گی، اس کمیٹی کے ذریعے ضلعی انتظامیہ /پولیس ، ٹریفک پولیس ، ریسکیو1122اور تنظیم شہری دفاع کے مابین ورکنگ ریلیشنز شپ بہتر ہوگی ۔

یہ بات انہوں نے کہاکہ تنظیم شہری دفاع سیالکوٹ کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔چیف وارڈن شہری دفاع طاہر مجید کپور، ایڈیشنل چیف وارڈن چودھری شاہنواز ، ڈپٹی وارڈن عبدالستار خان شیروانی، ڈویژنل وارڈنز اسلام میر ، ملک شاہد اور پی آر او ملک محمد اشرف بھی اجلاس میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تنظیم شہری دفاع کے عہدیداران اور رضاکاروں کی خدمات گراں قدر ہیں،ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تنظیم شہری دفاع کے رضاکار بلا خوف خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں اور رضاکاروں کی ہر ممکن عزت افزائی کی جائے گی ۔

انہوں نے تنظیم شہری دفاع کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ اے ڈی سی جنرل میثم عباس کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ میں تنظیم شہری دفاع کے فنڈز کے اجراء کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں ۔ چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع طاہر مجید کپور نے بتایاکہ تنظیم شہری دفاع کے 615 رضاکار خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہیں زمانہ جنگ ہو یا امن جب بھی انتظامیہ اورشہریوں کو ضرورت پڑی ہے تو تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں کے آگے بڑھ کر خدمات انجام دی ہیں، انہوں نے کہاکہ محرم، رمضان ، عیدمیلاد النبی ؐ سمیت دیگر اہم ایام میں تنظیم شہری دفاع کے بہادر اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار رضا کاروں نے ٹریفک کنٹرول کرنے اور سیکیورٹی کے ذمہ داریاں بخوبی احسن انجام دی ہیں اورآئندہ بھی یہ خدمات انجام دینے کیلئے پُرعزم ہیں ۔