جاپانی وزیر اعظم کی چینی وزیر خارجہ سے شمالی کوریا کے معاملے پر بات چیت

بدھ 18 اپریل 2018 12:36

ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کو قریبی تعاون کرنا چاہیے۔جاپان کے نشریاتی ادارے کے مطابق دورہ ٹوکیو کے دروان چینی ہم منصب نے وزیر اعظم شنزوآبے سے ملاقات کی جس میں شمالی کوریا کے متنازعہ جوہری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کو شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت کے خاتمہ کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ شنزوآبے نے کہا کہ وہ چین اور جنوبی کوریا کے ساتھ سہ فریقی سربراہ ملاقات کے جلد از جلد مئی میں انعقاد کے وقت چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع کو سٹریٹجک اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے حوالے سے جاپان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کے قیام کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

وانگ یی نے جواباً کہا کہ وہ شنزو آبے اور حکومت جاپان کی جانب سے چین کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے حوالے سے بھیجے جانے والے مثبت پیغامات اور دوستانہ انداز کا احتیاط کے ساتھ جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جاپانی وزیراعظم دورہ امریکا کے دوران صدر ٹرمپ سے شمالی کوریا کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں کے مکمل، قابل تصدیق اور ناقابل تنسیخ خاتمے کے طریقوں پر غور کھل کر بات چیت کریں گے۔