بہاریہ مکئی کو گڑوؤں اور کونپل کی مکھی سے بچانے کیلئے دانہ دار زہر استعمال کریں،محکمہ زراعت

بدھ اپریل 13:58

فیصل آباد۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2018ء)بہاریہ مکئی کو گڑوؤں اور کونپل کی مکھی سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو مناسب دانہ دار زہروں کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی فصل پر گہری نظر رکھیں اور اگر کسی جگہ پر کسی بیماری یا کیڑے مکوڑے کا حملہ نظر آئے تو فور ی طور پر محکمہ زراعت توسیع کے مقامی فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانہ دار زہروں کا استعمال کیاجائے تاکہ فصل کو نقصان کی معاشی حد سے بچایاجاسکے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجما ن نے کہاکہ بہاریہ مکئی کی فصل کی حسب ضرورت مناسب وقفے سے آبپاشی جاری رکھنی چاہیے خاص کربورآنے پر کسی صورت میں پانی کی کمی نہ آنے پائے کیونکہ اس سے فصل متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار بورآنے پر کھیت کو ہمیشہ تر وتر حالت میں رکھیں تاکہ دانہ بننے میں مددمل سکے لیکن اس بات کابھی خیال رکھا جائے کہ پانی زیادہ دیر تک جمع نہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی گوڈی بھی جاری رکھیں اور آخری گوڈی کرتے وقت پودوں کے ساتھ مٹی چڑھا دیں تاکہ تیز ہواچلنے کی صورت میں فصل کو گرنے سے بچایاجاسکے۔