وزیر اعلیٰ پنجاب گندم سپورٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز کی مفت فراہمی کا عمل جاری ہے،سید عاشق حسین کرمانی

ہفتہ 14 جون 2025 22:44

وزیر اعلیٰ پنجاب گندم سپورٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کو ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب گندم سپورٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز کی مفت فراہمی کا عمل جاری ہے،جس میں 1000 ٹریکٹرز شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیادہ گندم اگاؤ پروگرام کے تحت کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز کی مفت فراہمی کیلئے ہفتہ کو ملتان میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے گندم کی کاشت و پیداوار میں اضافہ کے لیے 27 ارب روپے کا تاریخی پیکج متعارف کرایا گیا،گندم کے پیداواری مقابلہ جات کے تحت صوبائی سطح پر پہلا انعام 85 ہارس پاور،دوسرا انعام 75 ہارس پاور اور تیسرا انعام 60 ہارس پاور کا ٹریکٹر دیا جا رہا ہے،ضلعی سطح پر کاشتکاروں کے لیے پہلا انعام 10 لاکھ، دوسرا آٹھ لاکھ اور تیسرا پانچ لاکھ روپے نقد مقرر کیا گیا ہے،اس پروگرام کے تحت ایک تا ساڑھے 12 ایکڑ کے گندم کے کاشتکاروں کو پانچ ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیادہ گندم اگاؤ پروگرام کے تحت ملتان ڈویژن میں 109 کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے جارہے ہیں، گرین ٹریکٹرز پروگرام کے پہلے مرحلے میں 9500 خوش نصیب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 20 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جن کی حد بڑھا کر تین لاکھ روپے کر دی گئی ہے،زمین کی ملکیت کی حد کو بھی 25 ایکڑ تک بڑھا دیا گیا ہے،کاشتکاروں کو 30 فیصد رقم نقد نکالنے کی سہولت دی گئی ہے،جبکہ 20 فیصد رقم صرف ڈیزل کی خریداری کے لیے مخصوص ہے، اس سہولت کو موثر بنانے کے لیے 4000 رجسٹرڈ ڈیلرز اور 700 سے زائد پی ایس او فلنگ اسٹیشنز کو شامل کیا گیا ہے۔

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اپنے خطاب میں زرعی شعبے کی بہتری و ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اس دوران صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے خوش نصیب کاشتکاروں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر کمشنر عامر کریم خان، ایم پی اے مقعودہ بی بی، سابق ایم پی اے رانا اعجاز احمد نون، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس رانا شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز زراعت پنجاب چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈاکٹر ساجد الرحمان سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔