وزارت قومی صحت یو این ایڈزکے تعاون عالمی ادارہ صحت اور پی ایل ایچ آئی وی کمیونٹی کی سرگرم شرکت سے ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی

بدھ 18 اپریل 2018 16:10

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ایچ آئی وی ایڈز سے ہونے والی اموات میں کمی کے ساتھ ساتھ مریضوں کی مشکلات اور مصائب میں کمی آئی ہے اور نئے مریضوں کی تعداد میں کمی کیلئے لائف سیونگ ایچ آئی وی علاج بڑا اہم اورضروری ہے اور ایچ آئی وی میں مبتلا مریضوں کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور ماں سے بچوں میں ایچ آئی وی کی منتقلی کا خاتمہ بھی بیماری پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزارت قومی صحت کو ملک میں ایچ آئی وی ایڈز پھیلنے کا بھرپور طور پر ادراک ہے اور وزارت ہنگامی بنیادوں پر اس بیماری کی روک تھام کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت قومی صحت یو این ایڈز جیسے ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون عالمی ادارہ صحت اور پی ایل ایچ آئی وی کمیونٹی کی سرگرم شرکت سے ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور پاکستان عالمی اہداف برائے پائیدار ترقی کے عین مطابق 2030ء تک ایچ آئی وی ایڈز پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہے۔

نیشنل پروگرام منیجر ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی نے کہا کہ این اے سی پی ایچ آئی وی/ایڈز گلوبل فنڈ سے فنڈ لینے والا بڑا ادارہ ہے جو کہ صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرامز سے مل کر کام کر رہا ہے اور ملک بھر میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متاثرہ مریضوں کو طبی نگہداشت اور علاج معالجہ کی فراہمی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے سی پی پاکستان میں ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلائو کی روک تھام کی یو این اداروں اور کئی جہتی اور دوطرفہ شراکت داروں کے ساتھ اشتراک کار اور رابطہ کاری کرتا ہے اور اس بیماری پر قابو پانے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :