ْزراعت اور اس سے وابستہ دیگر شعبوںکا استحکام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ہارون اختر خان

حکومت کاشتکاروںکے تحفظ کیلئے پرعزم، دی جانیوالی رعایتیں اور سہولیات برقرا ررکھناچاہتی ہے، اجلاس سے خطاب

بدھ 18 اپریل 2018 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیوہارون اختر خان نے کہاہے کہ زراعت اور اس سے وابستہ دیگر شعبوں کا استحکام موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،حکومت کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ،کاشتکاروں کیلئے دی جانیوالی رعایتیں اور سہولیات کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

معاون خصوصی ریونیو ہارون اختر نے یہ بات بدھ کو زراعت کے شعبے سے متعلق آئندہ بجٹ کیلئے تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔جلاس میں زراعت سے وابستہ مختلف شراکت داروں اور ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات بوسن اور چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا کے علاوہ دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں زراعت کے شعبہ کی ترقی کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور کاشتکاروں کی سہولت و دیہی معیشت کو استحکام دینے سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت اور اس سے وابستہ دیگر شعبوں کا استحکام موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور کاشتکاروں کیلئے دی جانے والی رعایتیں اور سہولیات کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے کیلئے اس کا سنجیدگی کا جائزہ لیا جائے گا۔