نوشہرہ میں شدید ژالہ باری اور بارش، ہر جانب توبہ استغفار کا ورد، کھڑی فصلوں باغات کو شدید نقصان پہنچا

بدھ 18 اپریل 2018 21:54

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) ضلع نوشہرہ میں سہہ پہر پانچ بجے کے قریب شدید ژالہ باری شروع ہوئی جو ادھے گھنٹے تک بغیر کسی وقفے اور بارش کے جاری رہی۔ ژالہ باری کے اولوں کا سائز ٹیبل ٹینس بال جتنا تھا۔ جس سے عوام میں شدید خوف وہراس پیدا ہوگیا۔ اور محفوظ پناہ گاہوں میں جاکر اپنی جان بچائی۔ آسمان سے ٹینس بال جتنے گولے گرنا شروع ہوئے۔

اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اسمان سے کوئی پتھرائو کیا جارہا ہے۔ جس سے کھڑی فصلوں، باغات، مکانوں کی چھتوں، اور گاڑیوں کے ونڈ سکرین کوشدید نقصان پہنچا۔ مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ہرطرف برف کے اولے نظر انے لگے۔ سڑکیں اور گلیاں برف کے اولوںسے بھر گئیں۔ جب ہر جانب توبہ استغفار کا ورد جاری ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی ژالہ باری جو ادھے گھنٹے تک جاری رہی ہم نے نہیں دیکھی۔

خوف کے مارے عوام کی چیخیںنکل گئیں۔ ادھے گھنٹے کے بعد ژالہ باری کا سلسلہ ختم ہوگیا تو شدید بارش شروع ہوئی جس سے ندی نالوں ، نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ اور ہر طرف پانی ہی پانی نظر انے لگا۔ ضلع کونسلر قاضی واجد الحق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ میں گندم کی فصل مکمل تباہ ہوگئی۔ جس سے زمینداروں کولاکھوں روپوں کا نقصان پہنچا۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ شدید ژالہ باری کی وجہ سے نوشہرہ کوافت زدہ علاقہ قراردیا جائے۔ اور یہاں پر ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیاجائے۔