اپریل تک کاشتکاروں سے باردانہ کے لئے درخواستیں وصولی جبکہ 22اپریل تک جانچ پڑتال کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنرفیصل آباد

بدھ 18 اپریل 2018 22:08

فیصل آباد۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنرسلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ گندم کی سرکاری خریداری مہم میں کاشتکاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی وجہ سے گرداوری کے عدم اندراج کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر موقع چیک کرکے درستگی کی جائے تاکہ کوئی مسئلہ باقی نہ رہے ۔ انہوںنے یہ ہدایت ضلع کے مختلف علاقوں میں قائم گندم کی خریداری مراکز کے طوفانی دورہ کے دوران ضروری انتظامات چیک کرتے ہوئے جاری کی۔

اسسٹنٹ کمشنرز احمر سہیل کیفی ‘ شہر یار عارف‘ ڈی ایف سی امان الله سومرو اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر شہر میں محکمہ خوراک کے گودام سیٹ VI ‘ جھوک دتہ ‘ روڈالا ‘ جڑانوالہ سٹی اور دیگر خریداری مراکز پر گئے اور باردانہ کے حصول کے لئے کاشتکاروں سے درخواستوں کی وصولی کے عمل کامعائنہ کیا اور کہا کہ درخواستوں کے شفاف اندراج کو یقینی بنائیں اور انہیں محکمہ فوڈ کے ڈیش بورڈ لنک پر فوری اپ لوڈ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سنٹرز پر موجود کاشتکاروں سے ملاقات بھی کی اورانہیں یقین دلایا کہ گندم کی خریداری کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا اور ان سے 1300روپے فی 40کلوگرام کے حساب سے گندم خریدی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سنٹر کو آرڈینیٹرز اور سنٹر سپروائزرز کو گندم خریداری مہم کو منظم اور باسہولت بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ کسی قسم کی شکایات کی صورت میں ازالہ کیلئے کمیٹی بھی متحرک رہے گی تاکہ موقع پر ہی مسئلہ کو حل کیا جاسکے۔

انہوں نے سنٹرز پر گندم کو سٹاک کرنے کے انتظامات کابھی جائزہ لیا اور یہ ہدایت کی سٹوریج کے لئے گنجیوں کے قیام میں تکنیکی اورفنی پہلوئوں کو مدنظر رکھیں تاکہ سٹور کی گئی گندم کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے سنٹرسٹاف کوتاکید کی کہ کاشتکاروں کی آسانی اور آرام کا خیال رکھیں ۔اس ضمن میں پینے کے ٹھنڈے پانی،سایہ دار جگہ پر بیٹھنے کے لئے کرسیوں اور اضافی پنکھوں سمیت دیگر ضروری سہولیات کو ہمہ وقت برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے تلقین کی کہ گندم کی خریداری مہم کے دوران دیانتداری سے عزم وہمت کے ساتھ ڈیوٹی انجام دی جائے ۔اس ضمن میں کسی قسم کی بدعنوانی،غفلت اور عدم توجہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی ایف سی نے بتایا کہ ضلع میں ایک لاکھ 49ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور خریداری سنٹر پر لائی جانے والی گندم میں نمی کا تناسب 10فیصد سے زائد نہیں ہونا چاہیے۔اسسٹنٹ کمشنرز نے بتایا کہ 20،اپریل تک کاشتکاروں سے باردانہ کے لئے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں جن کی 22۔اپریل تک جانچ پڑتال کی جائے گی اور 24اپریل سے باردانہ کا اجراء شروع ہوجائے گا۔