گو جرانوالہ،وفاقی سیکرٹری توانائی کا گیپکوہیڈ کوارٹر کا دورہ

رمضان میں صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے، یوسف نسیم کھوکھر

بدھ 18 اپریل 2018 22:42

گوجرانوالہ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) وفاقی سیکرٹری توانائی (پاور ڈویژن) یوسف نسیم کھوکھراور ایڈیشنل سیکرٹری توانائی (پاور ڈویژن ) ڈاکٹر عامراحمد نے گیپکوہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ،اس موقع پر انہوں نے گیپکو کے اعلیٰ افسران کے اجلاس سے خطاب بھی کیا ،وفاقی سیکرٹری توانائی یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس سلسلہ میں جہاں کہیں نئے ٹرانسفارمرزاور لائنیں نصب کرنے کاکام فی الفور مکمل کیا جائے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، یوسف نسیم کھوکھر نے زور دیا کہ جہاں کہیں ٹرالی ٹرانسفارمرز نصب ہیں ان کی جگہ متعلقہ استعداد کا نیا ٹرانسفارمر لگایا جائے اور فیلڈ میں موجود تمام ٹرالیاں سپیئر کر کے کسی امکانی برقی ایمرجنسی کیلئے سب ڈویژنوں میں مہیا کی جائیں تاکہ جہاں کہیں ٹرانسفارمر کے جلنے کا مسئلہ آئے تو سب ڈویژن میں موجود ایمرجنسی ٹرالی ٹرانسفارمر بلا تاخیر وہاں نصب کیا جا سکے ، وفاقی سیکرٹری نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک اور گرمیوں کی آمد سے قبل سٹوروں میں متعلقہ مٹیریل بھی پورا کیا جائے ، اس موقع پر گیپکو کے چیف ایگزیکٹو محمد زاہد سلیم نے انہیں بریفنگ دی، چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ گیپکو لائن لاسز نیپرا اہداف کے مطابق سنگل ڈیجٹ میں ہیں جبکہ ریکوری بھی 101فیصد ہے،انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے گیپکو میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ریجن بھر میں مسلسل سرویلنس کرتی ہیں ،اجلاس میںچیف انجینئرز غضنفر عباس رضوی، جنید اختر، محمد ریاض، ذوالفقار احمد،بلال ارشاد ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن انور سعید کیلوی، چیف فنانشل آفیسر ایاز احمد،،ایڈیشنل ڈی جیز محمد صدیق ملک، اورنگزیب ملہی سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی،اس موقع پر وفاقی سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر نے گیپکو آفیسرز ایسوسی ایشن کے عہدیدران فیصل نفیس یوسف، میاں عبدالقیوم ، چوہدری امتیاز احمد، سی بی اے یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں ، جنرل سیکرٹری عبدالرزاق جٹھول سے بھی ملاقات کی اورملازمین کے مسائل و مطالبات سنے، آخر میں انہوں نے شجر کاری مہم کے تحت گیپکو کے لان میں پودا بھی لگایا۔