عوامی نیشنل پارٹی پشتونوں کی یکجہتی اتحاد اور اتفاق کیلئے کوشاںہے،نظام الدین کاکڑ

بدھ 18 اپریل 2018 22:47

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونوں سے موجودہ وقت اتحاد اور اتفاق کا تقاضہ کرتا ہے بحیثیت قوم پشتونوں کو اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لئے جدوجہد کی ضرورت ہے اور اس قومی سیاسی اور آئینی جدوجہد کے لئے عوامی نیشنل پارٹی سے بڑھ کر اور کوئی حقیقی قومی پلیٹ فارم نہیں ہوسکتا ، پشتونوں کو اپنے آئینی حقوق کی ضمانت چاہئے جو بدقسمتی سے نہیں دی جارہی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے باچاخان مرکز کوئٹہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے پشتونوں کی حقیقی قومی جماعت ہونے کے ناطے ہمیشہ پشتونوں کی یکجہتی اتحاد اور اتفاق کے لئے کوشاںہے پشتونوں کی تقسیم ہی ان کے مسائل کا باعث ہے اسی لئے عوامی نیشنل پارٹی نہ صرف فاٹا کو خیبرپشتونخوا میںضم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے بلکہ اس کے بعد ہم چاہتے ہیں کہ شمالی اور جنوبی پشتونخوا کا انضمام کیا جائے اور ملک میں پشتونوں کی سب سے بڑی وحدت تشکیل دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میںپشتونوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہاہے وہ افسوسناک ہے ان پر تعلیم اور روزگار کے دروازے بند کرنے کئے جارہے ہیں پشتون وطن کو ترقیاتی منصوبوں سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی واضح مثال یہ ہے کہ سی پیک جیسے بڑے اور اہم منصوبے سے پشتون علاقوں کو محروم کیا جارہا ہے اور شناختی کارڈ کے حصول میں پشتونوں کے ساتھ انتہائی قابل مذمت رویہ اپنایا جارہا ہے جس پر عوامی نیشنل پارٹی نے پہلے بھی ہر فورم پر بات کی ہے آئندہ بھی ہم ان مسائل پر چپ نہیں بیٹھیں گے ان اقدامات سے پشتونوں میں بے چینی پھیلی ہے اور اس بے چینی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ پشتونوں کے مسائل حل کئے جائیں ان کے تحفظات دور کرکے انہیں وہ تمام حقوق دیئے جائیں جو آئین اور قانون انہیں دیتا ہے انہوںنے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :