شوگر ملوں کی غیر قانونی منتقلی'' سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی

بدھ 18 اپریل 2018 23:21

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نی' شوگر ملوں کی غیر قانونی منتقلی'' سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ کے حاضر نہ ہونے پر انکی موکل اتفاق شوگر ملز کی اپیل عدم پیروی کی بناء پر خارج کردی،تاہم بعد میں مقدمہ کے اے او آر کی جانب سے سلمان اکرم راجہ کی طبیعت کی خرابی کی اطلاع پر اپنا حکم واپس لے لیا ہے ، جبکہ دیگر اپیلوں کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ،چیف جسٹس میاںثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بدھ کو حسیب وقاص شوگر ملزم ،عبداللہ شوگر ملز ، چوہدری شوگر ملز اور اتفاق شوگر ملز سمیت متعدد شوگر ملوں سے متعلق درجنوں اپیلوںکی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ ایک اپیل کنندہ کے وکیل مخدوم علی خان جنرل ایڈجرنمنٹ پر ہیں جبکہ اتفاق شوگر ملز کے وکیل سلمان اکرم راجہ حاضر نہیں ہوئے ہیں، جس پر فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جو جو وکیل نہیں آئے ہیں ان کی اپیلیں خارج کردیتے ہیں ،بعد ازاں فاضل عدالت نے اتفاق شوگر ملز کی اپیل عدم پیروی کی بناء پر خارج کرتے ہوئے دیگر اپیلوں کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ،تاہم تھوڑی دیر بعد ایک اور مقدمہ کی سماعت کے دوران مقدمہ کے اے او آر رفاقت حسین شاہ نے عدالت کو بتایا کہ سلمان اکرم راجہ کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی ،اس لئے وہ حاضر نہیں ہوسکے ہیں ،جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس وقت وہ کہاں ہیں تو فاضل وکیل نے بتایا کہ وہ اس وقت اسلام آباد میں ہی اپنی رہائش گاہ پر ہیں ،جس پر چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ ان کی طبیعت اتنی زیادہ خراب ہوگئی ہے کہ وہ اسلام آباد میں ہونے کے باوجود بھی پیش نہیں ہو سکے ہیں ،چلو ان کی اپیل بحال کردیتے ہیں ،بعد ازاں فاضل عدالت نے اپنا سابق حکم واپس لیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔