Live Updates

عمران نیازی جانتے ہیں کہ کے پی میں ان کا شو ختم ہو چکا،ان کی پریس کانفرنس شعبدہ بازی اورکھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے،عمران خان نے خود سینیٹ کے لئے 40کروڑ کی بولی لگائی تھی،کے پی کے میں ہونے والی کرپشن کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، سید نیئر حسین بخاری

جمعرات 19 اپریل 2018 00:10

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے عمران نیازی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو پارٹی سے نکالنا یا نہ نکالنا پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے تاہم عمران نیازی کی پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔ نیر بخاری نے کہاکہ عمران نیازی نے پریس کانفرنس کرکے کے پی کے میں ہونے والی کرپشن کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود سینیٹ کے لئے 40کروڑ کی بولی لگائی تھی جبکہ پی ٹی آئی کے کارکن خود یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے عہدے بکتے ہیں اور پی ٹی آئی اندرونی انتخابات میں الیکشن کمشنر نے خود پی ٹی آئی کے اندرونی انتخابات میں دھاندلی کا راز فاش کیا تھا اور قوم کو یہ بھی یاد ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق عہدیدار عمران نیازی پر فارن فنڈنگ میں خوردبرد کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ ان کا مقدمہ الیکشن کمیشن میں زیرسماعت ہے۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ عمران نیازی جانتے ہیں کہ کے پی میں ان کا شو ختم ہو چکا ہے اور آئندہ انتخابات جیت نہیں سکیں گے اس لئے ان کی پریس کانفرنس شعبدہ بازی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات