حضرت صدرالدین بادشاہؒ کے 739ویں عرس کا آغاز30اپریل سے ہو گا،صوبائی وزیر اوقاف افتتاح کرینگے

جمعرات 19 اپریل 2018 00:40

سکھر۔18اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) عظیم صوفی بزرگ اور اولیاء حضرت صدرالدین شاہ بادشاہ کا 739واں عرس مبارک 30اپریل 2018ء بمطابق 13شعبان المعظم 1439ھ پیر کے دن شروع ہوگا جس کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف سید غلام شاہ جیلانی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھاکر کرینگے۔ عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اوقاف، ریونیو، صحت، پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران سمیت درگاہ کے خدمتگار سید ایاز شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف کے افسران نے بتایا کہ حضرت سید صدرالدین شاہ بادشاہ کا عرس 30اپریل سے 02مئی 2018ء بمطابق 13 سے 15شعبان المعظم 1439ھ تک جاری رہیگا ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی روہڑی کی جانب سے بتایا گیا کہ عرس کے موقع پر 24لیڈی پولیس اہلکاروں سمیت 175اہلکار تین شفٹوں میں فرائض سرانجام دینگے علاوہ ازیں 8واک تھرو گیٹس کے زریعے زائرین کو تلاشی کے بعد درگاہ کے اند ر جانے کی اجازت ہوگی ۔

ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا کہ زائرین کی حفاظت کے لیے پاک نیوی کے غوطہ خوروںکی مدد لی جائیگی اور نیوی کے حکام کو 5بوٹس اور لائیف سیونگ جیکیٹس فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے جبکہ پاک آرمی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹینڈ بائی رہیگی۔ انہوں نے محکمہ اوقاف اور پولیس کو ہدایت کی کہ درگاہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال بنایا جائے اور بجلی کے بریک ڈائون کی صورت میں اسٹینڈ بائی جنریٹر بھی رکھا جائے ، تا کہ زائرین کو کسی بھی تکلیف کا سامنا نہ کرناپڑے ۔

ڈی سی سکھر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی روہڑی مشترکہ ٹریفک پلان تشکیل کرینگے ، جبکہ پارکنگ ایریا کو درگاہ سے بہت دور رکھا جائے ۔ انہوں نے ریلویز حکام کو ہدایت دی کہ لینس ڈاون پل پر پیٹرولنگ کے لئے ریلوے پولیس کے اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل کی سربراہی میں 8اہلکار مقرر کئے جائیں جو کہ 24گھنٹے پٹرولنگ کریں ۔ ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے ٹی ایم اے روہڑی کو ہدایت کی کہ درگاہ پر صفائی ستھرائی ، لائیٹنگ سمیت پینے کے پانی کا بندوبست کیا جائے اور باتھ رومز کاانتظام بھی بہتر بنایا جائے تا کہ زائرین کی جانب سے کوئی بھی شکایت نہ آسکے۔

انہوں نے بتایا کہ رضاکاروں ، ایمبولینسز اور دیگر گاڑیوں سمیت دیگر اداروں کو پاسز جاری کئے جائینگے۔ سیپکو کے افسران کیجانب سے معلومات دی گئی ہے کہ حضرت صدرالدین شاہ کے عرس کے موقع پر 100واٹس کا بجلی کا ٹرانسفارمر فراہم کیا جائیگا جوکہ 24گھنٹے بجلی فراہم کریگا ۔ ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے ڈی ایچ او سکھر کو ہدایت کی کہ درگاہ کے احاطے میں طبی کیمپ میں ڈاکٹرز اور طبی عملے سمیت ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور ہیٹ اسٹروک سینٹر بھی قائم کیا جائے ، جبکہ پی پی ایچ آئی کو زائرین کی سہولت کے لئے ٹاؤن ہال روہڑی میں میڈیکل کیمپ قائم کرنے اور ایمبولینس اسٹینڈ بائی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔