کمشنرملتان کاضلع خانیوال میں قائم مراکزخریداری گندم کے اچانک معائنے

جمعرات 19 اپریل 2018 01:00

خانیوال۔ 18اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ گندم کی خریداری کے لیے کسانوں کو باردانہ کی تقسیم سو فیصد میرٹ اور شفافیت کے ساتھ کی جائے گی اور چھوٹے کاشتکاروں کو یکسانیت کے ساتھ بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر ز اپنے اضلاع میں خریداری گندم کے عمل کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز گندم خریداری بٹہ کوٹ تحصیل کبیروالہ اور گندم خریداری مرکز خانیوال کے اچانک معائنہ کے موقع پر یہاں پر موجود کاشتکاروں اور کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر آر پی او ملتان محمد ادریس احمد ، ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال، ڈی پی او رضوان عمر گوندل ‘اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ ، اے ڈی سی جی آغا ظہیر عباس شیرازی ، اسسٹنٹ کمشنرکبیروالا طار ق حسین بھٹی ،چیرمین بلدیہ مسعود مجید ڈاہا ، ڈی ایف سی احمد جاوید سمیت متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان ڈویژن ملتان بلال احمد بٹ نے کہا کہ گندم خریداری کی موجودہ حکومتی پالیسی سے باردانہ کی تقسیم اور گندم کی خرید میں بڑے اور چھوٹے کاشتکاروں کو یکساں ریلیف کے مواقع میسر آئیں گے انہوں نے کہا کہ وضع کردہ حکومتی پالیسی کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو بڑے کاشتکاروں کے برابراستفادہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار فکر نہ کریں حکومت کاشتکاروں سے 1300روپے فی من کے حساب سے دانہ دانہ خرید کرے گی انہوں نے بتایا کہ گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی سہولت کے لیے ٹینٹ ، پنکھوں ، ٹھنڈے پینے کے پانی کے انتظام سمیت دیگر سہولیات کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔

آر پی او محمد ادریس احمد نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں قائم کردہ گندم خریداری مراکز پر آنے والے کاشتکاروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان خریداری مراکز پر کاشتکار محکمہ پولیس سے تحفظ کے حوالہ سے جو مدد مانگیں گے وہ انہیں فوری فراہم کی جائے گی ۔ کمشنر بلال احمد بٹ اور آر پی او محمد ادریس احمد نے گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کے مسائل سنے اور انکے فوری حل کے لیے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کیں ۔

متعلقہ عنوان :