کم جونگ ان سے ملاقات فائدہ مند نہ ہوئی تو بات چیت ادھوری چھوڑ کر چلا جاؤں گا، امریکی صدر

جمعرات 19 اپریل 2018 10:50

کم جونگ ان سے ملاقات فائدہ مند نہ ہوئی تو بات چیت ادھوری چھوڑ کر چلا ..
فلوریڈا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے طے کردہ بات چیت کے دور ’فائدہ مند‘ ثابت نہ ہوئے تو وہ بات چیت کے دوران اٹھ کر چلے جائیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق فلوریڈا میں صدر ٹرمپ اور جاپان کے وزیراعظم شِنزو آبے کی مشترکہ نیوز کانفرنس میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ شمالی کوریا پر جوہری پروگرام کے خاتمے کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ دباؤ کو قائم رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے امید کا اظہار کیا کہ کم جونگ ان سے ملاقات کامیاب ثابت ہو گی تاہم اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ باعزت طریقے سے میٹنگ سے اٹھ کر چلے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا میں قید تین امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے بات چیت جاری ہے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا پر اس وقت تک زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم جاری رہے گی جب تک وہ جوہری تخفیف نہیں کرتا۔ٹرمپ نے کہا کہ جیسا کہ انہوں نے پہلے بھی کہا کہ شمالی کوریا کے لیے ایک روشن راستہ موجود ہے جب یہ جوہری تخفیف حاصل کرتا ہے جو ناقابل واپسی اور مکمل اور تصدیق شدہ ہو۔ ان کے لئے اور دنیا کے یہ بہت بڑا دن ہو گا۔