صوبائی حکومت سب سے زیادہ توجہ تعلیم اور صحت پر دے رہی ہے، ملک اور قوم کا اصل زیور تعلیم ہے، ای ایس ڈی ای او

جمعرات 19 اپریل 2018 14:00

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) صوبائی حکومت سب سے زیادہ توجہ تعلیم اور صحت پر دے رہی ہے، ملک اور قوم کا اصل زیور تعلیم ہے۔ ان خیالات کا اظہار ای ایس ڈی ای او غلام جیلانی نے گورنمنٹ پرائمری سکول پھاگل میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دیں، والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجیں، اساتذہ کرام ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی ٹیم ہر وقت تعلیمی اداروں کو فعال کر نے میں کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر ناظم وی سی پھاگل محمد رفیق نے کہا کہ ہمارا علاقہ ابھی تک پسماندہ ہے، تعلیمی لحاظ سے ہم لوگ آج بھی بہت پیچھے ہیں، سابق نمائندوں نے ہمارے علاقہ کو ہمیشہ نظر انداز رکھا، آج بھی ہمارے بچے کھلے آسمان کے نیچے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ نہ ہو نے کی وجہ سے بچوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس موقع پر قاری اعجاز احمد نے کہا کہ سید احمد حسین شاہ کا پھاگل گھر ہے، وہ یہاں سے منسٹر بھی رہ چکے ہیں لیکن انہوں نے بھی یہاں کے بچوں کیلئے ایک بلڈنگ تک نہیں بنائی جو افسوسناک عمل ہے، ووٹوں کے وقت نظر آنے والے لیڈر عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکے، سکول نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ کے بچے شدید اذیت کا شکار ہیں۔

انہوں نے پی ایس ڈی ای او غلام جیلانی سے مطالبہ کیا کہ جلد ازجلد بچوں کیلئے پرائمری سکول کی عمارت تعمیر کی جائے، آج بھی بچے کھلے آسمان کے نیچے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ اس موقع پر اساتذہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اے ایس ڈی ای او سرکل کاغان غلام جیلانی نے پھاگل کی عوام کو جلد ہی سکول کی عمارت تعمیر کرنے کا وعدہ کیا اور خالی پوسٹوں پر بھی اساتذہ کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :