Live Updates

سینٹ کیلئے ووٹ بیچنے والوں میں نام شامل کرنے پر عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا، وجیہہ الزمان خان

جمعرات 19 اپریل 2018 14:01

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مانسہرہ وجیہہ الزمان خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قائد کی جانب سے سینٹ ووٹ بیچنے والوں میں ان کا کام لینے پر وہ عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کریں گے، ان کا دامن صاف ہے، ہم نے 2013ء کا الیکشن مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر لڑ کر جیتا اور ضلع مانسہرہ کیلئے دو ارب روپے پیکیج نہ ملنے پر مسلم لیگ (ن) سے راہیں جدا کیں، ابھی صرف پی ٹی آئی کے قریب ہی آیا تھا لیکن سازشی اس کے خلاف سرگرم ہو گئے، جھوٹے الزامات لگانے کی سازش کرنے والوں کو عدالت میں اب جواب دینا پڑے گا۔

یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ 21 سال سے سیاست میں ہیں، مسلسل چار مرتبہ صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے ہیں، درجن بھر سینٹ الیکشن ہوئے کسی نے ان کی ذات پر انگلی نہیں اٹھائی مگر من گھڑت الزامات لگا کر عمران خان نے ان کے دامن کو داغدار کرنے کی کوشش کی ہے جس پر وہ چپ نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سازش یہیں مانسہرہ سے ہی چلی ہے، عمران خان عام انتخابات شیڈول کے اعلان کا انتظار کریں، ان کو خود ہی پتہ چل جائے گا کہ کون کون پی ٹی آئی کی جڑیں کاٹنے میں مصروف ہیں لیکن ابھی وہ سازشیوں کے نرغے میں ہیں۔

وجیہہ الزمان نے کہا کہ ہم نے الیکشن مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر جیتا، پی ٹی آئی نے انہیں کوئی صوبائی ممبر نہیں بنایا بلکہ ان کے قریب آنے پر شروع دن سے ہی ان کیلئے مسائل کھڑے کئے لیکن وہ خاموش رہے، ان کا داخلہ پی ٹی آئی میں روکنے کیلئے جن لوگوں نے سازشیں کیں وہ کامیاب ہوئے، انہیں پی ٹی آئی میں جانے کا ارادہ ترک کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہم نے اندر دیکھا ہے وہ بتایا دیا تو کچھ لوگ منہ چھپاتے پھریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات